کورونا کے بڑھتے کیسز ،راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے 8 اہم ترین علاقے سیل کر دیئے گئے

کورونا کے بڑھتے کیسز ،راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے 8 اہم ترین علاقے سیل ...
کورونا کے بڑھتے کیسز ،راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے 8 اہم ترین علاقے سیل کر دیئے گئے

  

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)انتظامیہ نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث 8 علاقوں کو سیل کرکے دفعہ 144 نافذ کردی۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی انوارالحق کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کو 8 ہاٹ سپاٹس بند کرنے کی سفارش کی گئی تھی جس کی منظوری کے بعد محکمہ داخلہ نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔بند ہونے والے علاقوں میں گلزارقائد، خیابان سرسید، ڈھوک علی اکبر، کوٹھ کلاں، مورگاہ، تخت پڑی، نرنکاری بازار اور باڑا مارکیٹ شامل ہیں۔

ڈی سی راولپنڈی نےبتایاکہ ہاٹ سپاٹس علاقوں میں بڑی مارکیٹیں،شاپنگ مالز،ریسٹورینٹس،سرکاری و نجی دفاتربندرہیں گے جبکہ مکینوں کو روز مرہ اشیائے ضروریہ کے حصول کی سہولت ہوگی۔ان علاقوں میں کریانہ دکانیں، جنرل سٹورز، آٹا چکیاں، پھل و سبزی کی دکانیں، تندور اور میڈیکل سروسز پیٹرول پمپس صبح 9سے شام 7بجے تک کھلے رہیں گے،اس کے علاوہ دودھ، چکن، گوشت، مچھلی کی دکانیں اور بیکریاں صبح 7سے شام 7بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔ہاٹ سپاٹس قرار دیئے جانے والے علاقوں میں پبلک، پرائیوٹ ٹرانسپورٹ کے ذریعے لوگوں کے آنے جانے پرپابندی ہوگی جبکہ محدود سفر کے لیے ایک گاڑی میں ایک فرد کو اجازت دی گئی ہے۔سیل کیے گئے علاقوں میں تمام میڈیکل سٹورز،لیبارٹریز،کلیکشن پوائنٹس، ہسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔ڈی سی راولپنڈی کے مطابق یہ پابندیاں 3 جولائی کی رات 9 بجے تک برقرار رہیں گی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -راولپنڈی -کورونا وائرس -