نااہلی پر نالائقی کا تڑکہ لگ گیا،حکومت نے پی آئی اے کو دنیا بھر میں۔۔۔ڈاکٹر فاروق ستاربھی خاموش نہ رہے

نااہلی پر نالائقی کا تڑکہ لگ گیا،حکومت نے پی آئی اے کو دنیا بھر میں۔۔۔ڈاکٹر ...
نااہلی پر نالائقی کا تڑکہ لگ گیا،حکومت نے پی آئی اے کو دنیا بھر میں۔۔۔ڈاکٹر فاروق ستاربھی خاموش نہ رہے

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال گھمبیر کی بجائے خوفناک ہو گئی ہے،اس بحران سے ملک کو نکالنا،قوم کی مایوسی دور کرنا اوراُسے آگے کا راستہ دکھانا کسی ایک جماعت کےبس کی بات نہیں ۔

منصورہ لاہور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ نااہلی پر نالائقی کا تڑکہ لگ گیا ہے اوررہی سہی کسر کرونا نے پوری کر دی ہے،کرونا کے حالات پر حکومت اور اپوزیشن کو کوئی فکر نہیں اس لئے ہمیں سوچنا ہوگا،یہ وقت سر جوڑنے کا ہے، قومی ایجنڈا سیٹ کیاجائے جس کیلئے قومی اتفاق رائے اور مشاورت کی جائے،حکمران ملکی اداروں کوکمزور کرنے والوں کے سہولت کار بن گئے ہیں،سندھ حکومت کہتی وفاق کا ٹیکس جمع نہیں کرنے دیں گے،جو سول نافرمانی کے مترادف ہے،پانی کا بحران سر پر کھڑا ہے ،بارہ سال کراچی میں سیاسی تجربے کئے گئے، خلا پیدا ہو گیا اضافی پانی کراچی کو نہیں ملا،معیشت کو اٹھانا ہے تو کراچی کو ساتھ رکھنا ہوگا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جماعت اسلامی اور ہمارے آباؤ اجداد نے جو امیدیں پیدا کی تھیں ان کو پورا کرنے کیلئے ہم مل کر کوشش کریں تو کراچی کی مایوسی دور ہوگی، قوم کو بھی امید کی کرن دے سکیں گے،نام نہاد بڑے جن کی طاقت ان کا پیسہ ہے اور جو دو دو ارب روپے الیکشن پر خرچ کرتے ہیں،ان سے کوئی امید نہیں۔میں سراج الحق کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے میری باتیں سنیں اور حوصلہ افزائی کی۔ فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت نے پی آئی اے کو دنیا بھر میں بدنام کردیا، کورونا سے لڑنے والے ہیلتھ پروفیشنلز کو نوکریوں سے نکالنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جو کہ افسوسناک ہے،ڈاکٹرز اپنی جان پر کھیل کو مہلک وبا کے خاتمے کیلئے کام کر رہے ہیں، انکی خدمات کا اعتراف نہیں کیا گیا، قوم مایوسی کی جانب جارہی ہے،حکومت سیاسی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان شہباز شریف سمیت تمام اپوزیشن کے ساتھ ملاقات کریں اور سیاسی وزیر اعظم ہونے کا ثبوت دیں۔ تحریک انصاف نے دعوی تو بہت کیے لیکن کام کچھ نہیں کیا، کورونا وبا سے شرح اموات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے،حکومت کو چاہیے کہ سب کام چھوڑ کر اس کے خاتمے کی کوشش کرے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -