الحاج کرنل سلامت اللہ مرحوم

الحاج کرنل سلامت اللہ مرحوم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


زندہ قومیں ہمیشہ اپنے مشاہیر کو یاد رکھتی ہیں ان کے نقش پا آنے والی نسلوں کے لئے منزل کی نشاندہی کرتے ہیں۔ کرنل ڈاکٹر سلامت اللہ مرحوم کا شمار بھی انہی لوگوں میں ہے۔ یکم جولائی 2021ء کو ہم سے جدا ہوئے انہیں 43برس بیت چکے ہیں۔اپنی قومی اور ملی خدمات کی بنا پر آج بھی وہ ہمارے دِلوں میں زندہ ہیں۔ دارالسلام لائبریری، دارالسلام مسجد اور گلشن ریسٹورنٹ ہمیشہ الحاج کرنل سلامت اللہ مرحوم کی یاد تازہ کرتے رہیں گے۔ آپ ایک مخلص علم دوست انسان تھے۔ مساجد، کتب خانے اور علمی مجالس سے انہیں گہری دلچسپی تھی۔ الحاج کرنل سلامت اللہ مرحوم صاحب 16دسمبر 1892ء کو دہلی کے قریب ”ہوڈل پرول“ میں پیدا ہوئے۔ ثانوی تعلیم فارمن کرسچین کالج لاہور میں پائی۔ 1915ء میں میڈیکل کالج لاہور سے میڈیسن میں اعلیٰ ڈگری حاصل کی۔ فروری 1917ء میں آئی ایم ایس میں کمیشن ملا۔ اس کے علاوہ برطانیہ سے چار میڈیکل ڈگریاں حاصل کیں اور فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدہ پر فائز رہے۔ پہلی جنگ عظیم کے دوران دو دفعہ زخمی ہوئے، جس پر حکومت برطانیہ کی طرف سے اس وقت کے اعلیٰ اعزازات”ملٹری کراس“ اور ”قیصرِ ہند“ سے نوازے گئے۔


باغ جناح لاہور کے خوشگوار ماحول میں واقع دارالسلام کتب خانہ آپ کے علمی ذوق کی اعلیٰ مثال ہے۔ یہ کتب خانہ ہمارے تاریخی ورثے اور درخشاں روایات کی عکاسی کرتا ہے۔ آپ نے اس کتب خانے کو مروجہ علوم و فنون کی ترسیل کے ساتھ ساتھ اسلامی تہذیب اور اخلاقی روایات کی آبیاری کا ذریعہ بھی بنایا۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو علم و شرافت سے نوازا تھا۔ آپ ایک عظیم انسان تھے اور اعلیٰ پایہ کے منتظم بھی۔ لائبریری کے قیام سے قبل آپ میڈیکل اور انجینئرنگ کے غریب طلبہ کو اپنی جیب سے وظائف دیتے تھے۔ ان کی خدمات ہماری رہنمائی کے لئے روشن مینار ہیں۔


مسجد دارالسلام کی آبادی کے لئے معروف سکالر ڈاکٹر اسرار احمد کی خدمات حاصل کیں، جو اپنے خطبات جمعہ میں اہل لاہور کی دینی اور اخلاقی تربیت میں ہمہ تن مصروف رہے۔ آپ کی وفات کے بعد آپ کے صاحبزادے ڈاکٹر عارف رشید صاحب اس شمع کو روشن کئے ہوئے ہیں۔ خوبصورت پرسکون ماحول، معیاری کتب، اوقاتِ کار بشمول اتوار صبح 8بجے تا9بجے شب کھلے رہنا اس کتب خانے کی امتیازی خصوصیات ہیں۔اِس وقت لائبریری میں 48ہزار کتب موجود ہیں۔ 80سے زائد رسائل انگریزی اور مشرقی زبانوں میں مطالعہ کے لئے دستیاب ہیں۔ تقریباً تمام مقامی اخبارات، ہفت روزہ اور پندرواڑھے قارئین کے استفادہ کے لئے مہیا کئے جاتے ہیں۔ 22 ہزار معیاری کتب پر مشتمل ڈیجیٹل لائبریری اس کتب خانے کی زینت ہے۔ لائبریری مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ہے اس میں 200 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔یہ خوش آئند بات ہے کہ صوبہ بلوچستان اور صوبہ سندھ کے طلباء کی کثیر تعداد سی ایس ایس اور پی سی ایس کے امتحانات کی تیاری کے لئے اس کتب خانے سے بھرپور استفادہ کر رہی ہے۔


لائبریری میں انٹرنیٹ، پرنٹر، فوٹو کاپی کی سہولت موجود ہے۔قارئین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر لائبریری کی توسیع کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔کتب خانے کی مکمل آٹو میشن کے لئے پنجاب لائبریری  فاؤنڈیشن کے تعاون سے جدید کمپیوٹر لیب بنائی گئی ہے۔لائبریری کی کتب اور دیگر علمی مواد کی کمپیوٹرائزیشن کا کام جاری ہے۔قارئین کی عادات مطالعہ اور علمی ذوق کی آبیاری کے لئے علمی و ادبی مجالس کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔ اب ادارہ دارالسلام کے معاملات اُن کے صاحبزادے سلیم شہریار سلامت خوش اسلوبی سے چلا رہے ہیں۔

مزید :

رائے -کالم -