کورونا کیسز میں اضافہ ، حکومت کا غیر ویکسین شدہ افراد کے سرکاری دفاتر میں داخلے پر پابندی عائد کرنے پر غور

کورونا کیسز میں اضافہ ، حکومت کا غیر ویکسین شدہ افراد کے سرکاری دفاتر میں ...
کورونا کیسز میں اضافہ ، حکومت کا غیر ویکسین شدہ افراد کے سرکاری دفاتر میں داخلے پر پابندی عائد کرنے پر غور

  

اسلام آبا د(ڈیلی پاکستان آن لائن )ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافے کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے نئی ہدایات جاری کی ہیں جس میں تجویز دی گئی ہے کہ غیرویکسین شدہ لوگوں کو سرکاری دفاتر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

نجی ٹی وی "ڈان نیوز"کے مطابق وزارت قومی صحت کے عہدیدار نے بتایا کہ بدقسمتی سے ملک میں وبائی مرض واپس آ گیا ہے، 5 روز میں کیسز دگنے ہو رہے ہیں جبکہ ہسپتال میں داخل مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اموات بھی رپورٹ ہو رہی ہیں، یہ صورتحال تشویشناک ہے کہ کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ دیگر شہروں اور علاقوں میں مثبت کیسز سے متعلق پتا لگانے میں کوشش کے باوجود بہتری کے کوئی آثار نظر نہیں آتے۔

رپورٹ کے مطابق این سی او سی کی جانب سے نئی جاری کردہ گائیڈ لائنز میں تجویز کیا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر میں کورونا وائرس سےمتعلق آگاہی پروگراموں کا اہتمام کیا جانا چاہئے اور ملازمین کی بھی اپنے خاندان کے افراد کی حفاظت کے لئے رہنمائی کی جانی چاہئے۔ملازمین کی پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کے لیے بھی رہنمائی کرنی چاہیے، ماسک پہننا لازمی قرار دینا چاہیے، دفاتر میں کام کے دوران سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے لیے انتظامات کیے جانے چاہییں اور ان تمام ایس او پیز کو نماز کے دوران بھی یقینی بنایا جانا چاہیے جب کہ دفاتر کے تمام داخلی راستوں اور واش رومز میں ہینڈ سینیٹائزر کی دستیابی کو یقینی بنانا چاہیے۔

نجی ٹی وی کے مطابق جاری کردہ گائیڈ لائنز میں مزید کہا گیا ہے کہ ذمہ دار سرکاری افسر کو این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ تمام کورونا پروٹوکولز اور ایس او پیز پر عمل در آمد جیسے ویکسینیشن، لازمی ماسک پہننا، سماجی دوری اور ہاتھ کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا چاہیے، ملازمین کی ویکسینیشن چیک کرنا چاہئے اور ہاتھ ملانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔

مزید :

قومی -کورونا وائرس -