سندھ میں بلدیاتی انتخابات کادوسرامرحلہ ملتوی کیاجائے،ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کادوسرامرحلہ ملتوی کیاجائے،ایم کیو ایم نے الیکشن ...
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کادوسرامرحلہ ملتوی کیاجائے،ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

  

کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ایم کیو ایم نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن  کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق  ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن کو لکھے خط میں کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کادوسرامرحلہ ملتوی کیاجائے، سندھ میں حلقہ بندیاں بھی قانونی طورپرٹھیک نہیں، الیکشن ووٹرلسٹوں کی حتمی فہرست،کوروناکیسزمیں کمی تک مؤخرکیےجائیں۔

خیال رہے کہ  سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں  14 اضلاع میں انتخاب ہوئے، اس دوران دن بھر کہیں گولیاں، کہیں لاٹھیاں چلیں ، کہیں پورا عملہ ہی اغوا کرلیا گیا۔  بلدیاتی انتخاب کے دوران سانگھڑ، نوشہروفیروز، خیرپور، جیکب آباد، سکھر اورکندھ کوٹ کے متعدد پولنگ سٹیشن میدان جنگ بن گئے ، سیاسی جماعتوں کےکارکنوں اور مخالف گروہوں میں مارا ماری ہوئی ، پرتشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق خراب حالات کے باعث کئی مقامات پر پولنگ روکنا پڑی،کندھ کوٹ کے ایک پولنگ سٹیشن کے عملے کو ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا ، 7گھنٹے بعد عملہ بازیاب کرایا گیا تو پولنگ شروع ہوئی تاہم بعد میں الیکشن کمیشن نے  الیکشن ملتوی کرنےکا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ  یوسی 28 پر ووٹنگ کا عمل نئی تاریخ میں کرایا جائےگا۔

نواب شاہ میں سوشل سیکیورٹی  پولنگ سٹیشن پر مسلح افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور عملے کو  یرغمال بنا کر انتخابی سامان لے کر فرار ہوگئے ۔

سانگھڑ کی یونین کونسل 63 میں کشیدگی کے باعث پولنگ عملہ بھاگ گیا ، ٹنڈوآدم میں مخالف جماعتوں کے تصادم میں ایک امیدوار کا بھائی جاں بحق اور سکھر میں جاگیرانی برادری میں تصادم سے ایک شخص مارا گیا ،الیکشن کمیشن کی ہدایت پرمتعدد پولنگ سٹیشنز پرپولنگ کا وقت بڑھایا بھی گیا۔ 

مزید :

قومی -علاقائی -سندھ -