پاکستان میں سپورٹس انڈسٹری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے  لندن میں تقریب، کاروباری افراد کی شرکت

 پاکستان میں سپورٹس انڈسٹری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے  لندن میں ...
 پاکستان میں سپورٹس انڈسٹری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے  لندن میں تقریب، کاروباری افراد کی شرکت

  

لندن (مجتبیٰ علی شاہ ) پاکستان میں سپورٹس انڈسٹری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے پاکستان بزنس سینٹر ، لندن میں انٹرنیشنل بزنس پروفیشنل کارپوریشن کی طرف سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان سپورٹس گڈز ایسوسی ایشن ذوالفقار ملک تھے. تقریب میں لارڈ واجد خان, آئی بی پی سی کے چیئرمین رضوان سلہریا, وائس چیئرمین عامر خان,  جنرل سیکرٹری عاسم یوسف، چوہدری منظور حسین, حافظ توصیف, شفیق قریشی سمیت لندن کے دوسرے کاروباری افراد نے شرکت کی۔

عا صم یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی بی بی سی کے اعراض و مقاصد بیان کیے ، انہوں نے کہا کہ تنظیم کا بنیادی مقصد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت کو فروغ دینا ہےوائس چیئرمین عامر خان نے شرکا کو بتایا کہ آئی بی پی سی کا پلیٹ فارم نہ صرف سپورٹس بلکہ لوگوں کے دوسرے مسائل کے حل کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے چیئرمین رضوان سلہریا نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کے بے شمار مواقع موجود ہیں لیکن صرف چند کالی بھیڑوں سے پاکستان کا نام خراب ہو رہا ہے - آئی  بی پی سی پاکستان اور برطانیہ  کے تاجروں کے در میان ایک  برج کا کردار ادا کر رہی ہے۔

چیئرمین پاکستان سپورٹس گڈز ایسوسی ایشن  ذوالفقار ملک نے کہا کہ وہ بہت جلد آئی بی پی سی کے ساتھ ایک میمورینڈم سائن کریں گے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان درپیش کاروباری  مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی. کھیلوں کی دنیا میں ہر جگہ پاکستان سے بنی ہوئی چیزیں استعمال کی جاتی ہیں پوری دنیا میں پاکستان کے سپورٹس کے سامان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، پاکستان کا بنا ہوا فٹ بال ورلڈ کپ کے میچوں میں استعمال ہوا ہے جب کہ پاکستان کی ہاکی سٹکس اور کرکٹ بیٹ پوری دنیا کے کھلاڑی استعمال کرتے ہیں .

انہوں نے کہا کہ آئی بی بی سی بہت اچھا کام کر رہی ہے ہم اس کے پلیٹ فارم پر سپورٹس کے سامان کو فروغ دینے کے لیے کچھ  اہم اقدامات بھی کر رہے ہیں ، انہوں نے برطانیہ کے تاجروں کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی اور آئی بی پی سی کے کام کو سراہا۔

لارڈ واجد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بے انتہا ٹیلنٹ موجود ہے جس کو کھیلوں کے ذریعے اجاگر کیا جا سکتا ہے۔تقریب کے آخر میں مہمانوں کو آئی بی پی سی کی اعزازی ممبرشپ دی گئی  اور بیج بھی لگائے گئے۔

مزید :

برطانیہ -