مردان: ہاکی میچ میں کھلاڑیوں اور تماشائیوں نے ایک دوسرے پر پتھر برسادیئے

Jul 01, 2024 | 07:52 PM

مردان (ڈیلی پاکستان آن لائن)مردان سپورٹس کمپلیکس میں ہاکی میچ کے دوران کھلاڑیوں اور تماشائیوں میں تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا۔ کھلاڑیوں اور تماشائیوں نے ایک دوسرے سے ہاتھا پائی کرتے ہوئے پتھر برسادیئے۔

گزشتہ روز روز بین الاضلاعی ہاکی ٹورنامنٹ میں بونیر اور مردان کی ٹیموں کے مابین سپورٹس کمپلیکس میں میچ کھیلا جارہا تھا کہ اس دوران دونوں اضلاع کے تماشائیوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا۔

اس دوران بونیر کی ٹیم کے حامیوں نے مردان کی طرف سے کھیلنے والے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ذکریا حیات کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔

نازیبا الفاظ بولنے پر کھلاڑی ذکریا حیات مشتعل ہوگئے اور نعرے بازی کرنے والوں کی طرف دوڑ پڑے، اس دوران دیگر کھلاڑی بھی ہاکیاں اٹھائے باہر نکل آئے اور ان کی مخالف ٹیم کے حامیوں سے لڑائی شروع کردی۔

تاہم بعد میں وہاں موجود دیگر لوگوں نے بیچ بچاؤ کر کے صورتحال کو قابو کرلیا۔

مزیدخبریں