تھر (ڈیلی پاکستان آن لائن)تھر کے کوئلے کو پورٹ قاسم کراچی تک پہنچانے کے لے اسلام کوٹ سے چھور اور بن قاسم سٹیشن سے پورٹ قاسم تک ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔
ڈان نیوز کے مطابق تھر کے کوئلے کو پورٹ قاسم کراچی پہنچانے کے لیے ریلوے لائن بچھائی جائے گی، اسلام کوٹ سے چھور اور بن قاسم ریلوے سٹیشن سے پورٹ قاسم تک ریلوے لائن بچھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ توانائی سندھ اور ریلوے اس مشترکہ منصوبے کو تکمیل تک پہنچائیں گے، اس حوالے سے محکمہ توانائی نے وزیراعلیٰ کو سمری ارسال کر دی ہے۔
تھرکول فیلڈ اسلام کوٹ سے چھور تک 105 کلومیٹر ریلوے لائن بچھائی جائے گی، بن قاسم سٹیشن سے پورٹ قاسم تک 9 کلومیٹر ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔
بیرون ملک برآمد کے لیے تھر کا کوئلہ پورٹ قاسم پر اتارا جائے گا، منصوبے کا مالیاتی تخمینہ 75 ارب روپے ہے، ریلوے اور محکمہ توانائی کی 50 - 50 فیصد سرمایہ کاری سے اسے مکمل کیا جائے گا۔
ریلوے ٹریک تک رسائی اور کوئلہ اتارنے کا منافع بھی برابر تقسیم ہوگا، ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ 2 سال میں مکمل کیا جائے گا۔