این اے 229اور230کے بعض سٹیشنوں پر پولنگ ، دھاندلی کیلئے موبائل سروس معطل ہے:تحریک انصاف
تھرپارکر،کشمور،چھاچھرو(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 229اور230جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 17، پی ایس 62اور63کے بعض پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ شروع ہوگئی ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی ۔تحریک انصاف نے الزام لگایاہے کہ صوبائی حکومت نے دھاندلی کیلئے الیکشن کے حلقوں میں موبائل فون سروس معطل کرادی ہے۔ این اے229پر پیپلزمسلم لیگ کے ارباب توگاچی اور پیپلزپارٹی کے شیرمحمدبلالانی جبکہ حلقہ این اے230پر پیپلزپارٹی کے پیرنور محمدشاہ جیلانی اور تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔الیکشن کے روز پی ایس 17 کشمور کے 3پولنگ سٹیشنوں پر جھگڑے اور مبینہ دھاندلیوں کے الزامات کے بعدپولنگ روکی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے ان سٹیشنز پریکم جون کودوبارہ پولنگ کے احکامات جاری کیے تھے۔این اے 229کے چار اور این اے 230کے 43پولنگ سٹیشنوں پر گیارہ مئی کو پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد مسلح افراد نے ریٹرننگ افسران سے بیلٹ پیپرچھین کر جلادیئے تھے ۔ پی ایس 17 کشمور کے 3 پولنگ سٹیشنوںپر انتخابات جاری ہیں ۔ تحریک انصاف نے کہاکہ دھاندلی کیلئے موبائل فون سروس بند کردی گئی ہے جس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔