زمبابوین ٹیم کی آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگئی،عائشہ اشعر

زمبابوین ٹیم کی آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگئی،عائشہ اشعر

  

 لاہور ( سپورٹس رپورٹر) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی مینجر عائشہ اشعر نے کہا ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کی آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگئی ہے اور دنیا کی دیگر ٹیموں کی پاکستان آمد کے راستے ہموار ہوگئے ہیں انہوں نے کہاکہ زمبابوے ٹیم کی ملک میں آمد پی سی بی اور موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے ۔ان کی دن رات کی کوششوں کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ ٹیموں کی پاکستان میں آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ میں ملک میں انٹرنیشل کرکٹ کی بحالی پر وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف ،وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ،چیئرمین پی سی بی شہر یار ،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان ،انتخاب عالم اور ذاکر خان سمیت تمام عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔ عائشہ اشعر نے کہا کہ زمبابوے ٹیم کے میچز کے دوران جتنے شاندار انتظامات کیے گئے ہیں اور انہیں جس طرح کی فول پروف سیکورٹی مہیا کی گئی ہے اس سے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج ابھرا ہے اور اس سے غیر ملکی ویمن کرکٹ ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی ۔ زمبابوے کرکٹ بورڈ اور زمبابوے ٹیم کی آمد سے کرکٹ کو فتح حاصل ہوئی ہے ۔ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر زمبابوے کرکٹ بورڈ اور ان کی حکومت کی پوری پاکستانی قوم شکر گزار ہے ،۔ انہوں نے کہاکہ پاک زمبابوے سیریز کے دوران پاکستانی شائقین نے دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرکے اور انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرے ایک مثال قائم کی ہے ۔شائقین سخت دھوپ میں گھنٹوں قطاروں میں کھڑے ہو کر سٹیڈیم جاتے رہے لیکن ان کے ماتھے پر شکن نہیں آئی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور زمبابوے کے میچز کے دوران زمبابوے کی ٹیم کی پرفارمنس میں پہلے سے بہت بہتری نظر آئی ہے ۔موجودہ دور میں دنیا کی ہر ٹیم کی پرفارمنس بہتر ہوگئی ہے اور کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیا جاسکتا ۔عائشہ اشعر نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے ۔ویمن ٹیم کو مذید تجربہ دلوانے کے لئے ان کے غیر ملکی دورے دورے کروائے جارہے ہیں جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ہونے والے میچز سے بھی نیا نیلنٹ سامنے آرہا ہے اور دن بدن ویمن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی اس کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوگا ۔پاکستان نے دنیا کی بڑی سے بڑی ٹیم کے خلاف اچھی پرفارمنس کا مظاہر ہ کیا ہے اور ویمن ٹیم اور ویمن کرکٹرز کی رینکنگ میں بھی بہتر ی آئی ہے ۔عائشہ اشعر نے کہاکہ ویمن ٹیم کی کھلاڑی اپنے آپ کو فٹ رکھنے کے لئے میچز کے علاوہ بھی ٹریننگ جاری رکھتی ہیں ۔ عائشہ اشعر نے کہاکہ ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو فٹنس پر بہت زیادہ توجہ دی جاتی ہے اور ہر ماہ انہیں فٹنس کو برقرار رکھنے اور اسے بہتر بنانے کے لئے پلان دیا جاتا ہے اور جب فٹنس ٹیسٹ لیا جاتا ہے تو پتہ چل جاتا ہے کہ کھلاڑیوں نے فٹنس پلان پر کتنا عمل کیا ہے ۔فٹنس کو کھیل میں بہت اہمیت ہے اور کسی بھی کھیل کا کھلاڑی فٹنس کے بغیر پرفارمنس نہیں دکھا سکتا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ٹیم نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کے بہترین کمبی نیشن پر مشتعمل ہے اور دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی سی بی نے ویمن کرکٹ کی ترقی کے لئے خواتین کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں مہیا کی ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -