آم کے درخت پر دستی بم کیسے ؟

آم کے درخت پر دستی بم کیسے ؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اے میرے بھولے میڈیائی اداکارو تم میں سے کون کون ایسا ہے جو محض ان پڑھ انگوٹھا چھاپ ہونے کی مجبوری میں ایجنڈائی سوالوں کا پٹرول بھر کے مُنہ سے آگ نکالنے کا کرتب دکھانے پے مجبور ہے؟تو کیا جناح صاحب کی آنکھیں بند ہوتے ہی قراردادِ مقاصد کسی ان پڑھ شوری نے منظور کی تھی یا اپنے زمانے کے جیّد پارلیمانی دماغوں کا کام تھی؟ کیا ذوالفقار علی بھٹو اس لئے لاعلم معصوم تھے کہ نو ڈیرو میں بھٹہ مزدوری کرتے تھے یا برکلے اور آکسفورڈ یاترا کے دوران عالمی تاریخ حفظ کرنے کے باوجود بھی انہیں پتہ نہ چلا کہ کبھی کبھی موقع پرستی صرف فرد ہی کو نہیں قوم کو بھی خون کے آنسو رلا دیتی ہے۔۔۔اور یہ جنرل ضیا الحق سینٹ سٹیفن کالج دلی کے گریجویٹ تھے یا کسی تھڑہ سکول کے فارغ التحصیل کہ جنہیں بالکل اندازہ نہ ہو پایا کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور کیوں ؟


یہ بھی فرمائیے کہ ادنیٰ تا اعلیٰ نصابی کتابوں میں نفرتی تقسیم در تقسیم کا تیزاب ترنڈہ محمد پناہ کے کند ذہن کسی رکشہ ڈرائیور نے بھرا کہ عزت مآب گولڈ میڈلسٹ ماہرینِ تعلیم نے نظریاتی دستانے پہن کے کچے دماغوں پے چھڑکا ؟ شدت پسند نسلی، مذہبی اور علاقائی تنظیموں کے ببول کی شجرکاری کا آئیڈیا اوکاڑہ کے بے زمین ہاریوں کی ایسوسی ایشن کا برین چائلڈ تھا کہ یہ فلم پاکستان کے گلے میں اعلیٰ ترین عسکری و غیر عسکری پروفیشنل دماغوں کی دن رات محنت کا ثمر ہے۔اس ملک سے طلبا یونینوں اور مزدور انجمنوں کو جڑ سے اکھاڑنے اور دماغوں میں سیلف سنسر شپ کی مشینیں فٹ کرکے صحت مند مکالمے کی روائیت کا گلا گھونٹنے کا آئیڈیا چوتھی جماعت فیل بوٹا پھل فروش کا ہے یا ہارورڈین، آکسفورڈین ، ایچی سونین، والٹینین تجربے سے لیس اشرافیہ کی ایجاد ؟


یہ فرقہ پرستی کی آگ کس نے لگائی؟ پیٹ بھرے دنیا پرست فائیو اسٹار کلاہ بازوں نے یا میرے محلے کی مسجد کے منشی فاضل پنج وقتہ ساتوں دن کے پیش امام حافظ دین محمد نے کہ جس کے پاس اتنی پونجی بھی نہیں کہ حج پر جاسکے۔ پاکستان کی مردم خیز زمین میں وحشتی بیج بونے اور انہیں خام ذہنوں کے خون سے سینچنے کے نتیجے میں جب مڈل کلاس اور ایلیٹ طبقے کے نوجوان ڈاکٹر شدت پسند، بی ای مکینکیل انجینئرز بم ساز ، ایم بی اے ٹارگٹ کلرز اور ایم اے پاس برین واشنگ کے ماہرینِ قتل و غارت کی فصل بن کے لہلہا رہے ہیں تو کاشتکاروں سمیت سب خوش ہونے کے بجائے حیران ہیں کہ ہائیں۔۔۔ یہ کیا ہوا ؟ نہیں نہیں ایسا نہیں ہوسکتا۔۔۔ تو کیا اس لئے پریشان ہو کہ لگایا تو تم نے آم کا باغ تھا مگر پیڑ پر دستی بم کیسے اْگ آئے؟


کیا تمہارے والدین نے بچپن سے ہی تمہیں بتانا شروع نہیں کردیا تھا کہ جو بوؤ گے وہی کاٹو گے، جیسا کرو گے ویسا بھرو گے، برائی اور اچھائی ہمیشہ واپس آتی ہیں۔ اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے، دوسرے کے لئے گڑھا کھودو گے تو خود بھی گرو گے، کر بھلا ہو بھلا انت بھلے کا بھلا۔۔۔کیا واقعی تم حیرت زدوں میں سے کسی نے بھی ان نصائح میں سے کسی ایک پر ذرا بھی دھیان نہیں دیا؟تو پھر تو جو کچھ ہو رہا ہے اس پر تمہاری حیرت برحق ہے۔ پھر تو اپنے ہی سر پر پتھر مار کے قصور وار کو تلاش کرنے کی عادت بھی بجا ہے۔خوشحال سیکولر تعلیم یافتہ خاندانوں میں پیدا ہونے والے دہشت گردوں پر میں بھی تمہاری حیرانی پر تم جتنا ہی حیران ہوں۔

مزید :

کالم -