’’پکیاں سڑکاں ،سوکھے پینڈے ‘‘پروگرام سے خوشحال کا انقلاب آئے گا ،شہباز شریف

’’پکیاں سڑکاں ،سوکھے پینڈے ‘‘پروگرام سے خوشحال کا انقلاب آئے گا ،شہباز ...

  

 لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ صوبے بھر کی دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کا بہت بڑا پروگرام شروع کیا گیاہے جو دیہی معیشت کے لئے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتاہے۔رواں مالی سال ’’خادم پنجاب دیہی روڈ ز پروگرام ‘‘کے تحت سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر 15ارب روپے صرف کئے جا رہے ہیں جبکہ اگلے 3برس کے دوران اس پروگرام پر 150ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ 3برس میں پنجاب کی تمام دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔’’خادم پنجاب دیہی ر وڈز پروگرام‘‘ سے دیہی آبادی کا ہر طبقہ مستفید ہوگا او ریہ پروگرام دیہی علاقو ں میں ترقی و خوشحالی کا انقلاب لائے گا۔وہ یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں’’ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔سیکرٹری تعمیر ات و مواصلات نے’’ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے حوالے سے کئے جانیوالے فیصلوں اور اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔وزیراعلیٰ نے 12فٹ چوڑی سٹرک کے دونوں اطراف 2،2فٹ پکے شولڈرز بنانے کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہی معیشت کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں 12فٹ چوڑی کارپٹڈ سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔2 ،2 فٹ پکے شولڈرز کے ساتھ 4 ،4فٹ مٹی کے شولڈرز بھی بنائے جائیں گے۔’’پکیاں سڑکاں۔۔ سوکھے پینڈے‘‘ سے کسان کواپنی اجناس منڈیوں تک لے جانے کیلئے سہولت میسر آئے گی اور آمد ورفت کی تیز رفتارسہولیتں میسر آئیں گی۔انہوں نے کہاکہ پروگرام پر بہترین کام کرنے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے جبکہ خراب کارکردگی پر سخت کارروائی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے استعمال ہونیوالے مٹیریل کی مناسب نرخو ں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔تعمیراتی میٹریل کی کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔تعمیراتی میٹریل کی چیکنگ کیلئے محکمہ تعمیرات و مواصلات کی ٹیسٹنگ لیبز کو آؤٹ سورس کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ اربوں روپے کے اس منصوبے کیلئے کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹ کی استعداد کار میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے اوراس ضمن میں کنٹریکٹر ز اور کنسلٹنٹ کی استعدا د کار میں اضافہ کیلئے روڈ شو کا انعقاد کیا جائے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ غیر ملکی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے دیہی سڑکوں پر اوور لوڈ گاڑیوں کی روک تھام کیلئے جامع میکنز م مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر کے بعد سڑکوں کی دیکھ بھال کا مناسب انتظام انتہائی ضروری ہے،اس ضمن میں علیحدہ او رخود مختار ادارہ بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔پروگرام کے تحت بننے والی دیہی سڑکوں کی باقاعدگی سے انسپکشن کرائی جائے ۔ سڑکوں پر پانی کے ڈرینج کا مناسب انتظام ہونا چاہیےے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ تمام دیہی سڑکوں کا ڈیش بورڈ مرتب کرے۔ صوبائی وزراء تنویر اسلم ملک، ڈاکٹر فرخ جاوید، ملک ندیم کامران ،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -