سانحہ مستونگ اور سانحہ صفورہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ملوث ہے،ڈاکٹر وسیم

سانحہ مستونگ اور سانحہ صفورہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ملوث ہے،ڈاکٹر ...

  

لاہور(پ ر)پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہاہے کہ سانحہ مستونگ واقعے کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے مجرمان کوفی الفور انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے۔بھارتی وزیردفاع کے شرانگیزبیان کے فوری بعدمسافروں کی ٹارگٹ کلنگ تشویش ناک اور اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ اس سانحے کے پیچھے بھی ہندوستان کاہاتھ ہے۔دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پاکستان سے را،سی آئی اے اور موساد جیسی دشمن ایجنسیوں کاقلع قمع کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ ساری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کوہوادیکر دشمن اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔ہندوستان سے دوستی اورتجارت کاخواب دیکھنے والوں کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں۔پاکستان کے اندردہشتگردی کے تمام واقعات میں ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ملوث ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ بھارتی حکمرانوں کو منہ توڑ جواب دیاجائے۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ پوری پاکستانی قوم دہشتگردی کی عفریت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے عسکری قیادت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اتحادویکجہتی سے دشمن کے تمام ایجنڈوں کوخاک میں ملائیں گے۔سانحہ صفورہ اور سانحہ مستونگ نے واضح کردیا ہے کہ ہندوستان پاکستان میں امن قائم نہیں ہونے دینا چاہتااور اس نے وطن عزیز کوبدامنی سے دوچار کررکھاہے۔میڈیاکی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کے حملوں میں بھارتی پیسہ شامل ہے جبکہ چمن سے بھی بڑی تعداد میں بھارتی کرنسی اوراسلحہ بھی برآمد ہواہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خفیہ ادارے جانتے ہیں کہ پاک افغان سرحدی علاقوں میں موجود بھارتی قونصلیٹ اقتصادی راہداری کے منصوبے کوناکام بنانے کے لئے بلوچستان اوردیگرصوبوں میں دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔حکومت پاکستان کو بھارتی سازشوں کے اس نیٹ ورک کوختم کرناہوگا ۔معاملے کو واضح شواہد کے ساتھ اقوام متحدہ اور عالمی دنیا کے سامنے اٹھاناچاہئے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -