, تمبا کو نوشی کا عالمی دن ، کولیشن فار ٹو بیکو کنٹرول پاکستان اورسٹیپ کے زیراہتمام سیمینار

, تمبا کو نوشی کا عالمی دن ، کولیشن فار ٹو بیکو کنٹرول پاکستان اورسٹیپ کے ...

  

لاہور(فلم رپورٹر)تمبا کو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر کولیشن فار ٹو بیکو کنٹرول پاکستان اور سٹیپ کے زیراہتمام ایک سمینار کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال احمد خان اور جواد احمد تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال احمد خان نے کہا کہ حکومت تمبا کو نوشی سے متعلق قوانین پر عملدر آمد کے لئے کو شاں ہے اور اس سلسلہ میں ہر ممکن قانون سازی کریں گے، انہوں نے کولیشن فار ٹو بیکو کنٹرول اور سٹیپ کی کاوشوں کی تعریف کی ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے معروف گلوکار جواد احمد نے کہا کہ پاکستانی عوام میں سگریٹ کا بڑھتا ہوا استعمال خطرے کی گھنٹی ہے اور اس ضمن میں عوامی سطح پر بھر پور آگاہی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کولیشن فار ٹوبیکو کنٹرول پاکستان اور سٹیپ کی تمبا کو نوشی کے خلاف مہم کی بھر پور تائید کرتے ہیں وار نوجوانوں کو اس لعنت سے بچنے کی کال دے رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوٹیشن فار ٹوبیکو کنٹرول کے نیشنل کوآرڈینیٹر خرم ہاشمی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ہیلتھ وارننگ میں مزید تاخیر پر CTCکو تشویش ہے اور وہ اس کی مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ وارننگ کے معاملہ پر حکومت ، ٹوبیکو انڈسٹری کے دباؤ کا شکار ہے جبکہ دوسری طرف صحت کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور اس دوغلی پالیسی کی مذمت کرتے ہیں۔قبل ازیں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سٹیپ کے ڈائریکٹر زبیر ملک نے کہا کہ پنجاب بھر کے 6اضلاع میں تمام تعلیمی اور صحت کے اداروں میں متعلقہ محکموں کی جانب سے پابندی قرار دے دی گئی ہے ۔ سٹیپ نے یہ مہم ایک سال قبل شروع کی تھی اور اس کے خاطر خواہ نتائج بر آمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیپ اگلے مرحلہ میں پنجاب کے باقی اضلاع میں بھی اس مہم کے ذریعئے آگاہی اور قوانین پر عملدرآمد کو مؤثر بنانے میں کردار ادا کرے گی۔ شرکاء سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری مقصود احمد، میاں محمد بشیر ایڈووکیٹ، بی ایل ایل ایف کی سیکرٹری جنرل سیدہ غلام فاطمہ اور ڈاکٹر شہناز نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں جواد احمد کے تمبا کو نوشی کے خلاف پوسٹر کی رونمائی بھی کی گئی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -