پاکستانی سٹاک مارکیٹ زیادہ منافع دے رہی ہے،آفتاب احمد چودھری

پاکستانی سٹاک مارکیٹ زیادہ منافع دے رہی ہے،آفتاب احمد چودھری

  

 لاہور (اے پی پی)لاہور سٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب احمد چودھری نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں کمی سے سٹاک مارکیٹ میں استحکام آیا ۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان کی سٹاک مارکیٹیں پرکشش ہیں کیونکہ وہ دنیا بھر سے زیادہ منافع دے رہی ہیں ۔ حکومت کی تاجر دوست پالیسیوں کے نتیجہ میں ملکی معیشت میں بہتری ہو رہی ہے ۔آئندہ بجٹ میں سٹاک مارکیٹ پر کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے ۔گزشتہ روز اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کی عکاس اس کی سٹاک مارکیٹ ہوتی ہے ۔پاکستان میں گزشتہ کچھ عرصہ سے سٹاک مارکیٹ دنیا کی دیگر سٹاک مارکیٹوں کی طرح جدید ترین نظام سے منسلک ہے ،یہاں حصص کی خریدوفروخت کا کاروبار مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہے ۔چھوٹے سے چھوٹا اور بڑے سے بڑا سرمایہ کار سٹاک مارکیٹ میں جتنی چاہے سرمایہ کاری کر سکتا ہے ۔بینکوں کی نسبت سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری پرکشش ہے ۔گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس تاریخ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکا ہے ۔لاہور سٹاک ایکسچینج کی موجودہ انتظامیہ انویسٹرز اویئرنس پروگرام کے تحت راؤنڈ ٹیبل کی بنا ء پر اور ان لسٹڈ کمپنیز کی لسٹنگ پروموشن کا انعقاد کروا کے سرمایہ کاروں کو تجارت کے لئے ایک صاف و شفاف کمپیوٹر سسٹم مہیا کیا ہوا ہے جس میں ایل ایس ای کی جانب سے ایس ایم ایس الرٹس اور ای میل کی سہولت بھی موجود ہے جس کے باعث سرمایہ کاروں کی کافی حوصلہ افزائی ہوئی ہے جن میں مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبا ء و طالبات قابل ذکر ہیں ۔سٹاک مارکیٹ کی انتظامیہ کی جانب سے طلباء و طالبات کو سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے فنانشل لٹریسی پروگرام شروع کر رکھا ہے جبکہ کمپنیوں کو اپنے شیئرز ہولڈرز کو کارکردگی سے آگاہی کیلئے کارپوریٹ بریفنگ کا بھی پروگرام بھی شروع ہے ۔اس کے علاوہ جو کمپنیاں سٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ ہونا چاہتی ہیں ان کیلئے آئی پی او ز کا بھی انتظام کیا جاتا ہے ۔آفتاب احمد چودھری نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ لاہور سٹاک ایکسچینج نے بروکرز کی جانب سے کئے جانے والے فراڈز کو روکنے کیلئے سرمایہ کاروں کی آگاہی کیلئے ایل ایس ای کی ویب سائٹ پر مختلف ہدایات جاری کر رکھی ہیں ان ہدایات میں ایل ایس ای مینجمنٹ نے آنے والے سرمایہ کاروں کو سی ڈی سی سب اکاؤنٹ کھلوانے کے ساتھ ساتھ سی ڈی سی میں انویسٹر اکاؤنٹ کھلوانے کی بھی ترغیب دی ہے ،سرمایہ کاروں کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایل ایس ای سے متعلق بہترین سروس کیلئے تجربہ کاراور اچھی شہرت کے حامل بروکریج ہاؤسز کا ا انتخاب کیا جائے ۔ سٹاک ایکسچینج کے سرمایہ کاروں کو ان حالات میں بہترین سروس فراہم کرنے کیلئے لاہور سٹاک ایکسچینج نے اپنے سینئر اور تجربہ کار ٹریک ہولڈرز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے جو کہ بروکرز اور انویسٹرز کے درمیان تنازعات کو حل کروانے میں مدد دیتی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں لاہور سٹاک ایکسچینج کے ایم ڈی نے بتایا کہ سٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کار اور بروکرز سب سے زیادہ ٹیکس دے رہے ہیں لہٰذا سٹاک مارکیٹ پر کسی بھی قسم کا نیا ٹیکس عائد کرنا اس کے ساتھ زیادتی ہو گی ۔حکومت اگر چاہتی ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے تو کیپٹل گین ٹیکس میں چھوٹ دی جائے ۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ٹیکسوں میں دی گئی چھوٹ جو واپس لی گئی ہے اسے بحال کیا جائے ۔سٹاک مارکیٹ پر عائد صوبائی ٹیکس ختم کئے جائیں۔کارپوریٹ ٹیکس میں کمی ہونی چاہئے ،بدلہ نظام بہتر بنایا جائے۔

مزید :

کامرس -