یو این ڈی پی کی معذرت، پاکستان کا مکمل نقشہ ویب سائٹ پر آویزاں
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کا نامکمل نقشہ شائع کرنے کا معاملہ حل ہوگیا۔ وزارت موسمیاتی تغیرات کی اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت طلب کی تھی جس پر (یو این ڈی پی) نے معافی مانگتے ہوئے ویب سائٹ پر پاکستان کا مکمل نقشہ آویزاں کردیا جبکہ بھارتی زیر تسلط کشمیر کو مقبوضہ علاقہ اور پاکستان کا حصہ بھی تسلیم کرلیا۔مقامی اخبار روزنامہ دنیا کے مطابق اخبار کے پاس دستاویزات، خط اور ای میل ریکارڈ کے مطابق 25مئی 2015ء کو (یو این ڈی پی) اور وزارت موسمیاتی تغیرات کے زیراہتمام پاکستان میں پہلی ’’موسمیاتی اخراجات اور ادارہ جاتی جائزہ (سی پی ای آئی آر) رپورٹ‘‘ کیا جراء کے موقع پر دو پمفلٹس حاظرین میں تقسیم کئے گئے جن میں پاکستان کے نقشے میں سرے سے بھارتی زیر قبضہ کشمیر کا حصہ موجود نہیں تھا، اس فاش غلطی پر وزارت موسمیاتی تغریات نے قبل ازیں دھیان نہ دیا اخبار کی نشاندہی پر وزارت نے کط نمبر F.4-8/2014/CPEIR-UNDP/CC-1 کے ذریعے 26 مئی 2015ء کو یو این ڈی پی کے ساتھ ریاستی علامت یا امبلم (emblem) کے ستاھ پاکستان کا نامکمل نقشہ شائع کرنے پر نہ صرف وزارت کے سنگین خدشات سے آگاہ کیا بلکہ چند پوچھے گئے سوالات پر یو این ڈی پی پاکستان کو فوری وضاحت پیش کرنے کو کہا گیا۔
خط کو روشنی میں وزارت نے جو سوالات اٹھائے ان میں یو این ڈی پی سے پوچھا گیا کہ پمفلٹ پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا نامکمل نقشہ کیوں چھاپا گیا، کیا پاکستانی نقشہ اور ریاستی علامت کی اشاعت سے قبل حکومت پاکستان (وزارت موسمیاتی تغیرات) سے کوئی پیشگی اجازت طلب کی گئی اور وی این ڈی پی کس طرح میڈیا اور وزارت کے سامنے اپنی پوزیشن واضح کرے گی۔
دریں اثناء اس خط کے جواب میں پاکستان میں اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے دفتر سے وزارت موسمیاتی تغیرات کو لکھی گئی ای میل میں واضح کیا گیا ہے کہ یو این ڈی پی نے ہمیشہ وہی نقشہ استعمال کیا ہے، جو حکومت پاکستان کرتی ہے،ا س اہم مسئلہ میں نقشہ میں موجود مقبوضہ کشمیر کے حصے میں استعمال شدہ رنگ اور پس منظر میں موجود رنگ ایک ج یسے ہونے کے باعث آپس میں مل گیا جس کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کا علاقہ واضح نہیں ہوسکا، نقشہ سے خطے کا غائب ہونا صریحاً غیرارادی تھا.
غلطی کو فوری طور پر درست کرتے ہوئے یو این ڈی پی کی ویب سائٹ پر موجود اسلامی جمہوریہ پاکستان کا مکمل نقشہ آویزاں کردیا گیا ہے۔ یو این ڈی پی نے مزید کہا کہ ’’موسمیاتی اخراجات اور ادارہ جاتی جائزہ (سی پی ای آئی آر) رپورٹ‘‘ کی تیاری اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور وزارت موسمیاتی تغیرات نے مشترکہ طور پر کی۔ اس رپورٹ سے حاصل کردہ اعداد و شمار کو فلائر یا پمفلٹ میں منتقل کیا گیا تاہم اب فلائر یا پمفلٹ پاکستان کے ریاستی نشان یا علامت کے بغیر ویب سائٹ پر موجود ہے جبکہ یو این ڈی پی، حکومت پاکستان کیلئے درپیش کسی بھی پریشانی پر معذرت خواہ ہے۔