وزیراعظم مودی نے چین کو بتادیا،پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ قبول نہیں : سشماسوراج

وزیراعظم مودی نے چین کو بتادیا،پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ قبول نہیں : ...
وزیراعظم مودی نے چین کو بتادیا،پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ قبول نہیں : سشماسوراج

  

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) نریندرا مودی کچھ ہفتے قبل چین میں اپنے ملک کی جگ ہنسائی کا باعث بننے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے اور اب بھارت کی خاتون وزیرخارجہ سشماسوراج نے کہاہے کہ مودی نے دورہ چین کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر معاملہ پرزورطریقے سے اٹھایا اور واضح کیاکہ یہ منصوبہ قابل قبول نہیں ۔

میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں سشماسوراج کاکہناتھاکہ 46بلین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری سے تعمیر ہونیوالے منصوبے پر حکومت نے چینی سفیر کو بھی طلب کیاہے ، یہ آزاد کشمیرسے گزرتاہے ،بیجنگ میں موجود بھارتی سفیر نے بھی اس معاملے پرآوازاٹھائی ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ مودی نے دوٹوک موقف اپنایااور بتادیاکہ پاکستان کے زیرکنٹرول یعنی آزاد کشمیر سے گزرنے والا منصوبہ قبول نہیں ۔

یادرہے کہ چینی صدر نے اپریل میں دورہ پاکستان کے موقع پر تین ہزار کلومیٹرطویل منصوبے کا اعلان کیاتھا۔

سشماسوراج کاکہناتھاکہ پاکستان کے حوالے سے نہ تو دہلی کی پالیسی میں اچانک کوئی تبدیلی کی جارہی ہے اور نہ ہی اسلام آباد کے ساتھ مستقبل قریب میں رابطے کا ارادہ ہے، پاکستان تین شرائط پر عمل کرکے صورتحال میں بہتر تبدیلی پیدا کرسکتا ہے، نوازشریف کے دورہ کے موقع پر مذاکرات کا فیصلہ کیاگیاتھا ،ہرمسئلے کے پرامن حل کیلئے تیارہیں لیکن کسی تیسرے فریق کی ثالثی یا موجودگی برداشت نہیں ، دہشت گردی اور تشدد کو دور رکھنے کے لیے ہم آہنگی کی فضا پیدا کی جانی چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں اُنہوںنے کہاکہ یہ فیصلہ اب نہیں ہوابلکہ پاکستان کو متعدد مرتبہ بتایا ہے کہ مذاکرات ان تین اصولوں کی بنیاد پر ہی منعقد ہوسکتے ہیں۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاک چین دوستی اور اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے بھارت کی نیندیں حرام ہونے کی کہانیاں عام ہیں لیکن اب خود ہی بھارتی وزیرخارجہ نے اس کی تائید کردی۔

مزید :

بین الاقوامی -