داعش کے پاس کتنا امریکی اسلحہ ہےاور یہ کس طرح پہنچا؟جان کرآپ بھی دنگ رہ جائیں گے
بغداد (نیوز ڈیسک) شدت پسند تنظیم داعش آئے روز شام اور عراق کے کسی نئے شہر پر قبضہ کررہی ہے اور دنیا حیران ہے کہ اس تنظیم کے پاس اتنی طاقت کہاں سے آئی کہ یہ دو ملکوں کی افواج پر غالب آرہی ہے۔
مزیدپڑھیں:بجلی کے بل نے بھارتی دکاندار کی والدہ کو ہسپتال پہنچا دیا
اس سوال کا جواب حال ہی میں سامنے آیا ہے جسے جان کر ہر سننے والا دنگ رہ گیا ہے۔ امریکا کے جنگی سازوسامان کی شان کہلانے والی ملٹری جیپ ہموی کا ہزاروں کی تعداد میں داعش کے جنگجوﺅں کے پاس موجود ہونا وہ انکشاف ہے جس نے داعش کی بے پناہ طاقت کے پیچھے موجود ہاتھوں کی طرف اشارہ کردیا ہے۔ حال ہی میں انکشاف ہوا ہے کہ داعش کے پاس صرف موصل شہر میں 2300 امریکی ہموی گاڑیاں ہیں جن پر جدید ترین اسلحہ نصب ہے اور یہ اس قدر مضبوط ہیں کہ بم اور بارودی سرنگیں بھی انہیں نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ ان میں سے ہر گاڑی کی قیمت تقریباً 5 لاکھ ڈالر (تقریباً 5 کروڑ پاکستانی روپے) ہے۔ ان خوفناک طاقت کی حامل ملٹری گاڑیوں کے علاوہ بھی امریکا کے بے شمار ہتھیار داعش کے ہاتھوں میں جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ داعش جدید ترین ہتھیاروں کے ساتھ جس شہر کا رخ کرتی ہے وہاں بربادی مسلط ہوجاتی ہے اور اب تک عراق اور شام کے درجنوں شہروں پر قبضے کے بعد یہ تنظیم اپنی علیحدہ ریاست کا اعلان کرچکی ہے۔
عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے عراقیہ سٹیٹ ٹی وی کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں تسلیم کیا کہ گزشتہ سال جب داعش نے موصل پر قبضہ کیا تو امریکا کی طرف سے دی گئی ہزاروں ہموی ملٹری جیپیں داعش کے قبضے میں چلی گئیں۔ امریکی دفاعی ادارے پینٹا گون کا کہنا ہے کہ حال ہی میں جب عراقی فوجوں نے داعش کے حملے کے بعد رمادی شہر سے پسپائی اختیار کی تو درجن بھر ٹینک، آرٹرلری گولے اور تقریباً 100 مزید ہموی جیپیں داعش کے قبضے میں چلی گئیں۔
واضح رہے کہ امریکا اپنے جدید ترین ہتھیار اربوں ڈالر کے عوض عراق کو فروخت کررہا ہے اور آئے روز یہ ہتھیار داعش تک بالکل مفت پہنچ رہے ہیں۔ اس تمام صورتحال کے باوجود امریکا کی طرف سے عراق کو بھاری تعداد میں اسلحہ بیچنے کا عمل جاری ہے اور حال ہی میں ساڑھے 12 ارب ڈالر (تقریباً ساڑھے 12 کھرب پاکستانی روپے) سے زائد کا ایک معاہدہ کیا گیا ہے جس کے تحت 175 ہیوی M1A1میزائل عراق کو دئیے جائیں گے جبکہ مشین گنوں اور گرینیڈ لانچروں سے مسلح مزید ایک ہزار ہموی جیپیں بیچنے کا معاہدہ بھی کرلیاگیا ہے۔