پنجاب میں 5.7ملین ایکڑ رقبہ پر کپاس کی 9.5ملین گانٹھوں کی پیداوار کا ہدف مقرر

پنجاب میں 5.7ملین ایکڑ رقبہ پر کپاس کی 9.5ملین گانٹھوں کی پیداوار کا ہدف مقرر

 لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہصوبہ پنجاب میں امسال 5.7 ملین ایکڑ کپاس کے زیرکاشت رقبہ سے 9.5 ملین گانٹھ پیداوار کے حصول کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کو پاکستان کی معیشت میں غیرمعمولی اہمیت حاصل ہے کیونکہ کپاس کا قومی جی ڈی پی میں 1.5 فیصد اور معیاری زرعی مصنوعات کی تیاری میں 7 فیصد حصہ ہے۔ کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں پاکستان کا چوتھا نمبر ہے اورکپاس کی مجموعی پیداوار کا 74 فیصد پنجاب میں پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ان ممالک میں شامل ہے جہاں زراعت کو موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے خطرات درپیش ہیں۔ کاشتکار بدلتے موسمی حالات میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے زرعی ماہرین کی مشاورت سے کپاس کی بوائی جلد مکمل کریں اور ابتدائی مرحلہ پر فصل کی نگہداشت پر توجہ دیں ۔ان خیالات کا اظہاروزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید نے کپاس کاشت کے مرکزی علاقوں میں مانیٹرنگ ٹیموں کی کارکردگی کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت کو تبایا گیا کہ 19مانیٹرنگ ٹیمیں کپاس کی کاشت کے تمام اضلاع میں محکمہ زراعت پنجاب کے ایکشن پلان کے مطابق ضلعی آفیسران زراعت (توسیع )، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز(پیسٹ وارننگ )،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسران زراعت (توسیع) ، زراعت آفیسران اوردیگر فیلڈ سٹاف کی فیلڈ میں موجودگی کو مانیٹرنگ جاری رکھیں گی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کاشتکاروں کوکپاس کی کاشت کی جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی گاؤں کی سطح پر تین مرحلوں پر مشتمل تربیتی مہم کے دو ران اب تک 7لاکھ 18ہزار 751 کاشتکاروں کو تربیت دی جاچکی ہے ۔وزیر زراعت پنجاب نے بتایا کہ گزشتہ سال شدید بارشوں، سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے حملہ کی وجہ سے کپاس کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی لیکن حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں ہونے والااضافہ گلابی سنڈی کی تلفی میں معاون ثابت ہوا ہے ۔

انہوں نے محکمہ کے تمام افسران اور فیلڈ عملہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ فیلڈ میں جاکر کاشتکاروں کی رہنمائی کریں اورکپاس کی فصل کو نقصان دہ کیڑوں بالخصوص سفید مکھی اور گلابی سنڈی سے تحفظ کیلئے کاشتکاروں سے قریبی رابطہ رکھیں اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ قبل ازیں وزیر زراعت نے اپنے دفتر میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیہ تقریب کی صدارت کی۔انہوں نے اس موقع پر کہااکہ وزیراعظم پاکستان جلد صحت یاب ہو کر وطن آئیں گے اورملک و قوم کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔

مزید : کامرس