روزنامہ پاکستان کی نشاندہی ،اراضی ریکارڈ سنٹرز کے ملازمین کی اوور ٹائم والی فائل مل گئی

روزنامہ پاکستان کی نشاندہی ،اراضی ریکارڈ سنٹرز کے ملازمین کی اوور ٹائم والی ...

 لاہور(اپنے نمائند ے سے)پی ایم یو کے سینکڑوں ملازمین کی دعائیں رنگ لے آئیں، سیکنڈ شفٹ مزدوری کے حوالے سے روزنامہ پاکستان کی نشاندہی پر اراضی ریکارڈ سنٹر سٹاف کی اوور ٹائم کی ادائیگی کے بارے میں ڈیڑھ ماہ سے دبائی گئی فائل ایچ آر آفس سے برآمد تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز روزنامہ پاکستان میں پنجاب کی تمام تحصیلوں میں قائم اراضی ریکارڈ سنٹرز میں سیکنڈ شفٹ میں کام کرنے والے افسران و ملازمین کو اوور ٹائم کی ادائیگی نہ ہونے کے حوالے سے خبر کی اشاعت ہوئی ۔ جس کاملبہ ایچ آر اور آپریشنل ڈیپارٹمنٹ ایک دوسرے پر ڈال کر اپنی جان چھڑوا رہے تھے ۔خبر کی اشاعت کے بعد پراجیکٹ ڈائریکٹر جہانزیب احمد خان اور ڈپٹی پی ڈی پنجاب مقبول احمد دھاولہ نے ہنگامی طور پرنوٹس لیا اور اوور ٹائم کے حوالے سے ڈیڑھ ماہ سے دبائی گئی فائل کو ایچ آر مینجر مس لیزا کے دفتر سے برآمد کر لیا ہے ۔ نامعلوم وجوہات کی بناء پر فائل کو اپنے آفس میں روک کر رکھنے کی پاداش میں ڈپٹی پی ڈی پنجاب نے ایچ آر مینجر کی سخت سرزنش کی ۔ فائل کی برآ مد گی کے بعد یہ قوی امید ہے کہ تمام اراضی سنٹر سٹاف کو رمضان المبارک سے قبل ان کے اورو ٹائم کی ادائیگی کر دی جائی گی۔ایچ آر مینجر مس لیزا کا کہنا ہے کہ فائل کو جان بوجھ کر روک کرنہیں رکھا گیااس پر ورکنگ جاری تھی ۔پی ایم سٹاف کی کثیر تعداد کا کہنا تھا کہ ہمارے ادارے میں بھی طاقتور کو اس کی بڑی سے بڑی غلطی پر چھوڑ دیا جاتا ہے لیکن چھوٹے ملازمین کی چھوٹی سی غلطی پر بھی ان کو جان کے لالے پڑھ جاتے ہیں ۔پورے پنجاب میں سیکنڈ شفٹ میں کام کرنے والے تمام سٹاف میں ان کا حق نہ ملنے کی وجہ سے مایوسی پھیل رہی تھی اب جبکہ فائل ایچ آر مینجر کے آفس سے برآمد ہوئی ہے تو یقینی طور پر معمولی سی سرزنش کرکے ان کو چھوڑ دیا جائے گا اگر یہی کام کسی چھوٹے ملازم نے کیا ہوتا تو کام میں کوتاہی اور غفلت کے الزامات کے تحت اس کو نوکری سے فارغ کر یا جانا تھا ۔ ڈپٹی پی ڈی پنجاب مقبول احمد دھاولہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک سے پہلے تمام ملازمین کو ان کے اوور ٹائم کا معاوضہ ادا کر دیا جائے گا ۔فائل کو روکنے کے مرتکب افسر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور جواب طلب کیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1