پیرا میڈیکل سٹافایسو سی ایشن 2جون کو مطالبات کے حق میں احتجاج کرے گی
لاہور( خبرنگار)صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی تنظیم پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے 2 جون کو سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے صوبائی چیئرمین یوسف بلا، میڈیا ایڈوائزر ارشد بٹ، رحمت سندھو، عزیز جٹ اور تنویر بھٹی، رشید مغل، راشد گجر نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر صوبائی چیئرمین محمد یوسف بلا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مینار پاکستان میں لگائے گئے ٹینٹ آفس میں 10 جون 2012ء کو ملازمین کے سروس سٹکچر اور ڈیلی ویجز ملازمین اور ورک چارج ملازمین کو ریگولر کرنے کی منظوری دی تھی جس میں بیورو کریسی تاحال رکاوٹ ہے۔ اس موقع پر پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے میڈیا ایڈوائزر محمد ارشد بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے چار سال قبل دی جانے والی منظوری کے بعد اب تک سیکرٹری ہیلتھ اور سیکرٹری فنانس کے پاس چکر لگا لگا کر تھک تھک گئے اور اس سلسلہ میں مطالبات کی منظوری کے لئے سینکڑوں بار احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئی ہیں لیکن تاحال سیکرٹری ہیلتھ اور سیکرٹری فنانس ٹس سے مس نہیں ہیں۔۔