اختیارنہ ملنے کے باوجود عوامی خدمت کرتے رہیں گے،وسیم اختر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) نامزد حق پرست میئر کراچی وسیم اختر اور نامزد حق پرست ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کی ڈسٹرکٹ ساوتھ کی مختلف یوسیز کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز سے ملاقات ہوئی جس میں موجودہ صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن ہوئے چھ ماہ کا عرصہ گزرچکا ہے اور پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کراچی کے بلدیاتی اداروں کونہ اختیارات دے رہی ہے اور نہ انہیں وسائل دیئے جارہے ہیں تاکہ عوام کی خدمت کرسکیں ۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کراچی کے منتخب نمائندوں کو اختیارات نہ دے کرکراچی کے عوام کے ووٹوں کی توہین کررہی ہے ،ہم عوامی خدمت ہرقسم کے نامساعد حالات میں جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں فوری طورپر مردم شماری کرائی جائے تاکہ کراچی اور ملک کی صحیح آبادی معلوم کی جاسکے ۔