وزیر اعظم کیخلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے پر تحریک انصاف کے سربراہ کو حلف کا پابند بنانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

وزیر اعظم کیخلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے پر تحریک انصاف کے سربراہ کو حلف کا ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی)وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو حلف کا پابند بنانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔یہ درخواست مقامی شہری عاطف سردار نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے.درخواست میں کہا گیا ہے کہ پانامہ لیکس کو جواز بنا کے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزیر اعظم میاں نواز شریف کی مسلسل کردار کشی کر رہے ہیں.وزیر اعظم قوم سے خطاب کے دوران پارلیمانی کمیشن بنانے کا وعدہ بھی کر چکے ہیں مگر اس کے باوجود عمران خان اپنے حلف کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر نفرت پر مبنی ہیں اور وہ اپنی تقریروں کے ذریعے نفرت کو مزید پروان چڑھا رہے ہیں۔سیاسی جماعت کا سربراہ ہونے کے باوجود عمران خان پاکستانی شہریوں کو نفرت کا سبق دے رہے ہیں، عمران خان کی تقاریر قوم کو تقسیم کرنے اور ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دینے کا سبب بن سکتی ہیں ۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو بطور رکن قومی اسمبلی اپنے حلف کا پابند بنانے اور نفرت انگیزی سے اجتناب برتنے کے احکامات صادر کئے جائیں.

مزید : علاقائی