اوپن یونیورسٹی نے داخلوں امتحانات،کتابوں کی ترسیل میں آٹومیشن نظام متعا رف کرادیا

اوپن یونیورسٹی نے داخلوں امتحانات،کتابوں کی ترسیل میں آٹومیشن نظام متعا رف ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک بھر میں موجود اپنے لاکھوں طلبہ و طالبات کو داخلوں کی معلومات اور تصدیق ٗ امتحانات کے لئے رول نمبر سلپس اور ڈیٹ شیٹ اورکتابوں کی ترسیل کے مراحل کی معلومات کے لئے"کمپیوٹرائزڈ ٹریکنگ نظام" شروع کردیا ہے۔ یونیورسٹی کے اکیڈمک رینکنگ اور معیار تعلیم میں اضافے کے لئے طلبہ کے تمام تدریسی امور کو آٹومیشن سسٹم پر منتقل کیا جارہا ہے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے یہ کام نہایت تو جہ اور احتیاط کے ساتھ کیا جارہا ہے۔ سمسٹر بہار 2016ء کے داخلے مکمل ہوچکے ہیں اور تمام پروگراموں میں داخل طلبہ کو کتابوں کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔ پوسٹ گریجویٹ پروگرامزکے طلبہ کو کتب اور معاون تدریسی مواد کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ میٹرک ٗ ایف اے اور بیچلرز پروگرامز کے طلبہ کو کتابوں کی ترسیل جاری ہے اور ملک بھر میں موجو د طلبہ کو تمام پروگراموں کے درسی کتب بھجوانے کا عمل جون کے آخری ہفتے تک مکمل کرلیا جائے گا۔ وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی خصوصی ہدایت پر کتابوں کی ترسیل کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور میلنگ سیکشن کے کارکن 2۔شفٹوں میں صبح 8۔بجے سے شام 7۔بجے تک اس کام میں مصروف رہتے ہیں۔ وائس چانسلر کی ہدایت کے مطابق جون کے وسط میں کتابوں کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ علاوہ ازیں"کتابوں کی ترسیل کے مراحل کی معلومات کے لئے "کمپیوٹرائزڈ ٹریکنگ نظام" بھی شروع کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں یونیورسٹی نے ایک نئی ویب سائٹ mailing.aiou.edu.pk بھی متعارف کرائی ہے۔داخلوں کے امیدوار اس نئی ویب سائٹ کے ذریعہ آسانی سے میل بکس میں اپنا رول نمبر یا داخلہ فیس کا چالان نمبر درج کرکے یونیورسٹی کی جانب سے انہیں ارسال کی جانے والی درسی کتابوں کے ترسیلی مراحل کے بارے میں تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔درسی کتابوں کی ترسیل میں تاخیر کی صورت میں طلبہ کو نزدیک ترین ڈاکخانے سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کتابوں کی ترسیل میں تاخیر کی صورت میں طلبہ یونیورسٹی کے میلنگ سیکشن کے فون نمبرز 051-9250158 and 051-9057611 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں طلبہ ای میل ایڈریس mailing@aiou.edu.pkسے بھی ضروری معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر