نوجوان بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اپنا کرداراداکریں،عالیہ رشید

نوجوان بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اپنا کرداراداکریں،عالیہ رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نیب کی ڈائریکٹر جنرل عالیہ رشید نے نوجوانوں کو معاشرے سے بدعنوانی جیسی لعنت کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔ وہ قائداعظم یونیورسٹی میں’’بدعنوانی کا مقابلہ نوجوانوں کا فرض‘‘ کے موضوع پر معاشرے سے بدعنوانی جیسے خطرے سے فتنے کی مہم کے حوالے سے لیکچر دے رہی تھیں۔ عالیہ رشید نے بدعنوانی کی مختلف اقسام کی نشاندہی کی جن کی بدولت ہمارا معاشرہ انحطاط پذیر ہے اور انہوں نے قائداعظم کے الفاظ یاد دلائے کہ ’’بدعنوانی ایک زہر ہے اور ہمیں آہنی ہاتھوں سے اسے شکست دینا ہوگی‘‘۔لیکچر کے دوران ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قوم نوجوانوں سے ہے۔ بدعنوانی کے خلاف جنگ میں نوجوان نسل ہی اہم سرمایہ ہے۔ نوجوان نسل سماجی ٗ سیاسی اور اقتصادی اور دیگر محرکات کو تبدیل کرنے کی طاقت رکھتی ہے جو رشوت اور بدعنوانی کی دوسری اقسام کو جنم دیتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے خاندان کو بدعنوانی سے بچانا ہر نوجوان شخص کی ذمہ داری ہے۔عالیہ رشید نے طالبات کو نصیحت بھی کی کہ وہ رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے پر اپنے رفیق حیات سے ’’بدعنوانی سے انکار‘ ‘ کا عہد بھی لیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی پرورش اور تربیت میں ماؤں کا اہم کردار ہے۔ ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کالجوں اور جامعات میں ان خواتین کیلئے عہدنامہ ہے جو مستقبل میں ہمارے بچوں کی مائیں بننے جا رہی ہیں۔بدعنوانی کی روک تھام اور آگاہی کے متعلق نیب کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کا نعرہ ریلوے ٹکٹس ٗ ائیرپورٹ سٹیکرز ٗیوٹیلٹی بلز ٗ ڈرائیونگ لائسنسز ٗ شناختی کارڈ سے متعلق دستاویزات اور دیگر جگہاؤں پر پیغام کو عام کرنے کیلئے چھپوا دیاگیا ہے۔ قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے نوجوانوں میں بدعنوانی کی روک تھام اور آگاہی کے حوالے سے نیب کی کوششوں کو سراہا طالب علموں کی ایک بڑی تعداد ٗ عملے اور فیکلٹی ممبران/ اساتذہ اکرام نے پروگرام میں شرکت کی۔