برطانیہ کا پہلا ریستوران جہاں گاہکوں کو آرڈر رولرکوسٹر کے ذریعے پہنچایا جاتا

برطانیہ کا پہلا ریستوران جہاں گاہکوں کو آرڈر رولرکوسٹر کے ذریعے پہنچایا ...

لندن (بیورورپورٹ)ایلٹن ٹاور انگلینڈ کے مشہور تفریحی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ دراصل تھیم پارک ہے جس کے اندر واٹر پارک اور جدیدسہولتوں سے آراستہ ہوٹل بھی موجود ہے۔ تفریح کے دوسرے ذرائع کے علاوہ ایلٹن ٹاورز رولرکوسٹر رائڈ کے لیے شہرت رکھتا ہے۔ بچوں کی ٹرین نما رولر کوسٹر جب اونیچے، نیچے، اور بل کھاتے آہنی ٹریک پر بجلی کی سی تیزی سے دوڑتی ہے تو بہت سوں کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔ اس سواری میں بیٹھ کر انسان جو سنسنی محسوس کرتا ہے، اس کا اپنا ہی لطف ہوتا ہے۔ایلٹن ٹاور میں اس سنسنی خیز سواری کے مزے لینے والے یہاں نوتعمیر شدہ ریستوراں میں اپنی پسندیدہ فاسٹ فوڈزسے بھی لطف اندوز ہونے لگے ہیں۔ اس ریستوراں کی انفرادیت یہ ہے کہ یہاں آنے والے مہمانوں کو فاسٹ فوڈ ویٹر پیش نہیں کرتے بلکہ ان کے آرڈر کیے گئے لوازمات رولرکوسٹر کے ذریعے ان تک خود بہ خود پہنچ جاتے ہیں! غالباً یہ برطانیہ کا پہلا ریستوراں ہے جہاں گاہکوں کو ان کی آرڈر کی ہوئی چیزیں پہنچانے کے لیے یہ منفرد طریقہ اختیار کیا گیا ہے۔ رولرکوسٹر ریسٹورنٹ نے ایلٹن ٹاورر کی شہرت اور بڑھادی ہے اور اس جگہ کا رْخ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔رولرکوسٹر ریسٹورنٹ میں داخل ہونے والے گاہک کو ایک ملازم سیٹ پر بیٹھنے کا اشارہ کرتا ہے اور پھر اسے بتاتا ہے کہ وہاں موجود ٹیبلٹ کمپیوٹر کے ذریعے اپنی پسند کا آرڈر کیسے دیا جائے۔ریستوراں کے وسط میں 26 فٹ اونچی کئی رولرکوسٹر نصب کی گئی ہیں۔ ہر ایک کے نچلے سرے کے اطراف چار میزیں لگائی ہیں۔ آرڈر کیا گیا کھانا رولرکوسٹر کے دو فولادی پائپوں سے بنے ٹریک پر گھومتا ہوا نچلے سرے تک پہنچتا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر