کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ، ڈاکٹر عشرت العباد

کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ، ڈاکٹر عشرت العباد

کراچی(آن لائن)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ، اس لئے اس شہر میں ہونے والی کوئی بھی معاشی سرگرمی پورے ملک کی اقتصادی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہے ، ملک کے ریوینیو میں ایک نمایاں حصہ رکھنے والا شہر قائد امن و امان کے قیام کے بعد ایک مرتبہ پھر معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کا مرکز بنتا جارہا ہے جس سے دنیا بھر کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہارا نہوں نے کراچی میں تعینات برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر جان اے ٹکنوٹ کے اعزاز میں برٹش بزنس سینٹر کی جانب سے منعقد الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامسن ڈریو (Mr. Thomas Drew) ،برٹش بزنس سینٹر کی سی ای او(CEO) ملاحت اعوان ، سفارت کار اور معروف صنعت کار بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جان اے ٹکنوٹ جب کراچی میں 2013 میں تعینات ہوئے تھے اس وقت امن و امان کی صورتحال آئیڈیل نہیں تھی اور سرمایہ کار صوبہ بھر میں سرمایہ کاری کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھے، لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور کوششوں اور عوام کے تعاون سے اب صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہے انہوں نے کہا کہ جان ٹکنوٹ نے پاک برطانیہ اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے نہایت فعال کردار ادا کیا ہے جس کیلئے صوبہ سندھ اور پاکستان کے عوام ان کے مشکور ہیں اور ان کی خدمات کو فراموش نہیں کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اقتصادی شعبہ میں پاک برطانیہ تعاون میں ہر گذرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور برطانوی حکومت کی جانب سے کراچی میں قائم کیا جانے والا برٹش بزنس سینٹر دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید اضافے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ برٹش بزنس سینٹر سے برطانوی سرمایہ کاروں کو شہر میں صنعتوں اور کاروبارکے آغاز کے لئے مدد اور رہنمائی فراہم ہو سکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ اقتصادی تعاون اب دو طرفہ ہوچکا ہے کیونکہ کئی پاکستانی کمپنیوں اور تجارتی اداروں نے برطانیہ میں اپنے مراکز قائم کئے ہیں اور برطانیہ کوکئی پاکستانی مصنوعات برآمد کی جارہی ہیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانی عوام برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے مشکو ر ہیں جنھوں نے ہمیشہ پاکستان میں جمہوری عمل کے فروغ اور اس کے تسلسل کے لئے مدد اور تعاون فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ میں برطانوی حکومت کے تعاون سے کئی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے اور خصوصاً تعلیم کے شعبہ میں یہ تعاون لائق تحسین ہے ۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ جان اے ٹکنوٹ ایک محنتی سفارت کار ہیں۔

ڈاکٹر عشرت العباد

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر