وزیر تعلیم کی تعمیر سکول پروگرام کے فنڈز رائزنگ کیلئے موثر حکمت عملی وضع کرنیکی ہدایت

وزیر تعلیم کی تعمیر سکول پروگرام کے فنڈز رائزنگ کیلئے موثر حکمت عملی وضع ...

 پشاور( پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے متعلقہ حکام کو تعمیر سکول پروگرام کے فنڈرائزنگ کے لئے موثر حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نوبل کازکے لئے ہمیشہ دل کھول کر عطیات دیتی ہے اورشوکت خانم ہسپتال اس کازندہ ثبوت ہے جس کیلئے قوم نے پارٹی قائد عمران خان کی اپیل پر لیبک کہہ کر اربوں روپے کے عطیات دیئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تعمیر سکول پروگرام میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے حکومت عنقریب ای ۔لانچنگ سسٹم کااجراء کرہی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں تعمیر سکول پروگرام کی ای۔لانچنگ سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری تعلیم افضل لطیف ،سپیشل سیکرٹری قیصر عالم، ایم ڈی ایلیمنٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن اللہ نوازسومرو اوردیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تعمیر سکول پروگرام پرکام کی رفتار کاجائزہ لینے کے علاوہ اس پروگرام کے لئے فنڈزرائزنگ پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا اوراس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔اس پروگرام کے تحت سرکاری سکولوں میں پینے کاپانی ،چاردیواری ،اضافی کمرے، گروپ ٹائلٹس ،فرنیچر اورکمپیوٹرلیب جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہاکہ صوبے کے 30 ہزار سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر 43 ارب روپے کاتخمینہ لگایاگیاہے تاہم بہتر منصوبہ بندی سے پیرنٹس ٹیچر زکونسلز کے ذریعے یہی سہولیات اس سے بھی کم لاگت میں فراہم کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ تعمیر سکول پروگرام کے سلسلے میں قومی اور بین الاقوامی ڈونرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیم کاشعبہ حکومت خیبر پختونخوا کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اس شعبے کی بہتری کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں پہلی باربجٹ کا28 فیصد تعلیم کے لئے مختص کرکے علم دوستی کاثبوت دیاہے۔ ان کاکہنا تھا کہ تعلیم عام کرنے کے لئے اقراء فروغ تعلیم ووچرز سکیم شروع کیاگیاہے جس کے تحت 30 ہزار مستحق بچوں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم دی جائے گی۔ اسی طرح بچیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے امسال 1 ہزار5 سوگرلز کمیونٹی سکول کھولے جائیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر