حکومتی نوٹیفکیشن کالعدم ، عدالت نے پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں میں اضافہ درست قراردیدیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف حکومتی نوٹیفکیشن کالعدم قراردیدیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے فیصلہ سناتے ہوئے پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں میں اضافے کو درست جبکہ فیسوں کی خلاف حکومتی نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیدیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی سکولوں نے پیرا کے 23ستمبر 2015کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا اور دوران سماعت عدالت نے پیرا کو ہدایت کی ہے کہ رولز بناتے وقت نجی تعلیمی اداروں سے تجاویز طلب کی جائیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ سکولز کی جانب سے گزشتہ سال فیسوں میں اضافے کے بعد وزیرا عظم نے نوٹس لیا تھا اور ہدایت کی تھی کہ 2014کی فیسوں کو ہی برقرار رکھا جائے جس پر پرائیویٹ سکول مالکان نے عدالت میں جا کر حکومتی فیصلے کو چیلنج کر دیا تھا ۔