ملک بھر میں ایک دن روزہ اور عید منانے کی کوشش ناکام

ملک بھر میں ایک دن روزہ اور عید منانے کی کوشش ناکام
ملک بھر میں ایک دن روزہ اور عید منانے کی کوشش ناکام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (آئی این پی) ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ اور عید منانے کی کوششیں مفتی پوپلزئی نے ناکام بنادی، وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف خیبرپختونخوا کے علماءکو قائل نہ کرسکے، رمضان المبارک کا چند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلاک کمیٹی کا اجلاس 6 جون کو ہوگا، مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے 5 جون کو شہادتیں موصول ہونے کی صورت میں 6 جون کو پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کردیا۔

منگل کو یہاں پشاور کے اوقاف ہال میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی زیر صدارت مقامی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی شرکت کی۔ اس دوران ملک بھر میں رمضان المبارک اور عیدین ایک ہی روز کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی تاہم اختلاف رائے سامنے آنے کے بعد ایک ہی دن روزہ رکھنے پر اتفاق نہ ہوسکا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سرداریوسف نے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان رابطے کا فقدان ہے جسے ختم کیا جائے گا جب کہ اس معاملے پر قانون سازی کی بھی ضرورت ہے اور وہ بھی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ چند کی 29تاریخ کو زونل اور مرکزی کمیٹیوں کا اجلاس ایک ہی دن بلایا جائے گا اور قرآن و سنت کے مطابق علماءجو بھی فیصلہ کریں گے اس پر حکومت سمیت سب عمل کریں گے۔ مسجد قاسم علی خان سے جو شہادت آئے گی وہ زونل کمیٹی سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو پہنچائی جائے گی جس کا اہتمام وزارت مذہبی امور کرے گی۔

اجلاس کے دوران مسجد قاسم خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے 6 جون کو اجلاس بلارکھا ہے تاہم اگر ہمیں 5 جون کو شہادتیں موصول ہوگئیں تو ہم 6 جون کو روزہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہا شتہار دیا جائے کہ جس نے رمضان کا چاند دیکھا ہے وہ گواہی تجویز کردہ نمبرز پر دیں، چاند دیکھنے کی صورت میں وفاق کو آگاہ کریں گے، اگر چاند دیکھنے کی گواہی شریعت کے مطابق پوری اترے تو اسے قبول کرلیا جائے اگر نہ اترے تو رد کردی جائے۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے درخواست کریں گے کہ آپ کی شہادتوں سے پہلے اعلان نہ کریں، مقامی رویت ہلال کمیٹی مسجد قاسم علی خان کی شہادتوں کو بھی وفاق تک پہنچائیں گے، علما کرام قابل عزت ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں جب کہ شہادتوں کو آگے پہنچانے کا کام حکومت کا ہے اس لئے اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھائیں گے۔

مزید :

پشاور -