تحصیل شالیمار اور کینٹ میں8غیر قانونی سوسائٹیاں ، ایک پلاٹ کے 6،6مالکان

تحصیل شالیمار اور کینٹ میں8غیر قانونی سوسائٹیاں ، ایک پلاٹ کے 6،6مالکان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(اپنے نمائندے سے)محکمہ ریونیو کی تحصیل شالیمار اور کینٹ کی حدود میں 8ہاؤسنگ سوسائٹیاں شہریوں کیلئے وبال جان بن گئیں ،فراڈ اور جعلساز ی اور دھوکہ دہی کے سبب سینکڑوں شہری لٹ گئے ،محکمہ ریونیو کے پٹواری ریونیو سٹاف جعلسازی کا معاون بن گیا ،جعلسازوں نے سرکاری و غیر سرکاری زمین تین تین ہاتھوں بیچ ڈالی،محکمہ ریونیو ،پولیس،اینٹی کرپشن اور نیب میں جانے والی درخواستیں اور شکایات نہ تو جعلسازی کے خلاف کوئی کارروائی کرنے میں موثر کردار اداکر سکیں اور نہ ہی اس میں ملوث افراد قانون کے کٹہرے میں لائے جاسکے ،مزید معلوم ہوا ہے کہ محکمہ ریونیو کی تحصیل کینٹ کی حدود میں جو 8سوسائٹیاں عوام الناس اور ممبران کے لئے زحمت کا سبب بن چکی ہیں ان میں گلشن یٰسین ،گلشن حیدر ،گلشن داؤد ،گلشن نور،جلا ل ٹاؤن،ملائکہ ہاؤسنگ سوسائٹی ،شاہین ہاؤسنگ سوسائٹی شامل ہیں ۔ گلشن یٰسین ہاؤسنگ سوسائٹی کی مثال لیں تو یہ سوسائٹی 1995 میں منظر عام پر آئی جو کہ 62ایکڑ رقبے پر مشتمل تھی اور جلال اسٹیٹ ایجنسی کے مالک نے 5ہزار روپے فی مرلہ قسطوں پر فروخت کرنا شروع کر دی اور نقد وصولیا ں کرکے رجسٹریاں بھی بنا لیں اور 2005میں اچانک روپوش ہو گئے ، ذرائع کے مطابق بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لئے ان کے پارٹنر منظر عام پر آگئے انہوں نے اپنی 500کنال کی ملکیت کی بھی ہزاروں رجسٹریاں بنا کر موقع سے فرار ہو گئے ،محکمہ ریونیو کا عملہ بھی اپنا حصہ وصو ل کرکے خاموش ہو گیا۔ ایک ایک پلاٹ کے چھ چھ رجسٹری مالکان بن چکے ہیں۔متاثرین کی وزیراعلیٰ سے اپیل ہے کہ ہم غریب متاثرین کو انصاف دلایا جائے ،محکمہ ریونیو کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس فراڈ اور جعلسازی میں ملوث کسی بھی اہلکار کو معاف نہیں کیا جائے گا جبکہ محکمہ اینٹی کرپشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ فراڈ کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور ملوث افراد کو طلبی کے نوٹس بھی جاری کئے جاچکے ہیں ،میرٹ اور قانون کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔