اراضی ریکارڈ سنٹر پر سافٹ ویئر اپ گریڈ نہ ہو سکا ، سائل خوار ، جھگڑے معمول

اراضی ریکارڈ سنٹر پر سافٹ ویئر اپ گریڈ نہ ہو سکا ، سائل خوار ، جھگڑے معمول

  

لاہور(اپنے نمائندے سے)پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے اراضی ریکارڈ سنٹر میں سافٹ ویئرکی اپ گریڈ یشن عوام الناس اور اراضی ریکارڈ سنٹر سٹاف کے لئے وبال جان بن گئی ،،فرد اجراء اور انتقال کی تصدیق کے لئے آنے والے شہری خوارہو گئے ،روزہ رکھ کر آنے والا سٹاف سائلوں کے سوالوں کے جواب دینے سے نڈھال ہو گیا ،لڑائی جھگڑے اور گالی گلوچ معمول بن گیا ،روزے کی حالت میں کھڑے ہونے والے سائلین کا صبرکاپیمانہ لبریز ہو گیا ،عوام الناس کی تکرار سے بچنے کے لئے اے ڈی ایل آر ز اور سروس سنٹر انچارج کے کمروں میں چھپنے پر مجبور ہو گئے ،روزنامہ پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے سروے کے دوران معلوم ہو اہے کہ پنجاب لینڈ ریکارڈاتھارٹی کی جانب سے سافٹ ویئر کی اپ گریڈیشن اور اس میں پائی جانے والی خامیوں کے تدارک کے لئے کئے جانے والا عمل اراضی ریکارڈ سنٹر ز پر آئے ہوئے سائلین کے لئے عذاب بن گیا ہے ،شہری محمد صدیق،محبوب احمد ،صالح محمد اور فیصل محمود نے کہا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے سافٹ ویئر کی اپ گریڈیشن بلا شبہ ایک احسن قدم ہے جس کا مقصد عوام الناس کو غلطیوں اور بلا کسی تعطل کے سروسز فراہم کرنا ہے لیکن ہمارا سوال یہ ہے کہ اگرسافٹ ویئر کی اپ گریڈیشن کرنی تھی تو اس کے لئے کوئی لائحہ عمل تیار کیا جاتا تاکہ عوام اور سائلین کو خواری کا سامنا نہ کرنا پڑے،یا تو پورے پنجاب میں کچھ دنوں کے لئے سروس سنٹرز کو بند کرکے اس عمل کو مکمل کر لیا جاتا یا پھر اس کے لئے کوئی ٹائم فریم طے کر لیا جاتا ،اب صورتحال یہ ہے کہ ہم جب بھی اراضی ریکارڈ سنٹر آتے ہیں تو ادھر ہمارے فردات اور انتقالات میں پیش آنے والی تاخیر کا یہ جواز بنایا جاتا ہے کہ سافٹ ویئر کی ا پ گریڈیشن ہو رہی ہے اس لئے صبر کریں ،اب سارا دن سائلوں کی آمد و رفت ہوتی ہے سوال پوچھنے والا اور جواب دینے والا سٹاف بھی روزے سے ہوتا ہے اس لئے بعض اوقات بات تلخی تک بھی پہنچ جاتی ہے ،اراضی ریکارڈ سنٹر ز پر آنے والے لو گ زیادہ تر دیہات سے ہوتے ہیں ان بیچاروں کو کیا پتہ سافٹ ویئر کیا ہے اور اپ گریڈیشن کس بلا کا نام ہے اس لئے بات کو سمجھنے اور سمجھانے میں فرق ہونے کی بناء پر بات لڑائی جھگڑے تک بھی پہنچ جاتی ہے ہماری پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ڈی جی سے اپیل ہے کہ خدا را سوفٹ ویئر کی اپ گریڈیشن کریں لیکن عوا م الناس کو رمضان المبارک میں ذلیل نہ کریں ،جلد از جلد اس عمل کو مکمل کریں ،پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ سوفٹ کی اپ گریڈیشن عوام الناس کی سہولت اور بروقت سروسز کی فراہمی کے لئے کی جارہی ہے جو چند روز میں مکمل کر لی جائے گی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -