چیف ٹریف آفیسر اور وائس چانسلر میں ملاقات ، پنجاب یونیورسٹی میں ڈرائیونگ سکول اور ٹیسٹنگ سنٹر بنانے پر اتفاق

چیف ٹریف آفیسر اور وائس چانسلر میں ملاقات ، پنجاب یونیورسٹی میں ڈرائیونگ ...

  

لاہور(کرا ئم رپو رٹر)سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں طلباء ، اساتذہ اور وِزیٹرز کو سہولت دینے کیلئے بین الاقوامی طرز کا ٹریفک پلان متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا۔ اس حوالہ سے چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر معین ناصر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ جس میں چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی رائے اعجاز احمد اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا پنجاب یونیورسٹی میں ڈرائیونگ سکول اور ٹیسٹنگ سنٹر بنانے پر اتفاق ہوا۔سی ٹی او لاہور نے اس موقع پر کہاکہ سٹی ٹریفک پولیس طلباء، اساتذہ اور وزیٹرز کیلئے پارکنگ کلسٹرز بنا کر دے گی تاکہ جو بھی طالبعلم متعلقہ ڈیپارٹمنٹ آئے وہ گاڑی باقاعدہ پارکنگ میں لگائے اور ایک ڈیپارٹمنٹ سے دوسرے ڈیپارٹمنٹ میں جانے کیلئے شٹل بس سروس کا استعمال کریں۔ سی ٹی او اور وائس چانسلر نے ڈرائیونگ سنٹر اور ٹیسٹنگ سنٹر کیلئے جگہ کا دورہ اور انتخاب بھی کیا۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر معین نے اس موقع پر کہا کہ ہم سی ٹی او لاہور کی جانب سے بہترین اقدام کا خیر مقدم کرتے اور خوش آئند قرار دیتے ہیں۔ اُمید ہے کہ جدید ٹریفک نظام لانے سے پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں بے ہنگم ٹریفک نظام میں بہت حد تک بہتری آئے گی۔

مزید :

علاقائی -