پنجاب کے کئی شہروں میں بارش ، گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ہو گئی

پنجاب کے کئی شہروں میں بارش ، گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ہو گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب کے کئی شہروں میں بارشوں سے اُن علاقوں میں گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ہو گئی اور موسم خشک گوار ہو گیا۔ پنجاب کے بیشتر شہروں میں درجہ حرارت میں تین سے چار سنٹی گریڈ کی کمی ہو گئی،تاہم سندھ اور بلوچستان میں سورج آگ برساتا رہا اور سندھ میں کئی شہروں میں گرمی کے سابق ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ صوبائی دارالحکومت میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات تیز آندھی کے بعد گہرے بادل چھا گئے اور سحری کے وقت کئی علاقوں میں بارش ہوئی بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا۔ صوبائی دارالحکومت میں سارا دن بادل چھائے رہے جس سے موسم خوش گوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ آئندہ 12گھنٹوں میں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، بالائی فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں سبی50، لسبیلا 49، دادو، تربت، پسنی 48 ، جیوانی، اورماڑہ 47، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجوداڑو 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے پہلے پسنی میں19 مئی 2002 میں47.0 اور اورماڑہ میں بھی 44.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاتھا۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، پشاور،مالاکنڈ، کوہاٹ ڈویژن، اسلام آباد اورکشمیرمیں کہیں کہیں جبکہ ہزارہ، لاہور، بہاولپور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوٰں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔اسلام آباد سیدپور41، بوکرہ 13، زیروپوائنٹ10، جہلم 20، منڈی بہٰالدین15، منگلا11، چکوال10،راولپنڈی چکلالہ7، شمس آباد 4، ٹوبہ ٹیک سنگھ7، گوجرانوالہ5، سیالکوٹ (ائرپورٹ 07، سٹی 04)، بہاولنگر02، جھنگ، گجرات01، چراٹ 24، سیدوشریف 6، لوئیر دیر، کوہاٹ5، پٹن 3، مالم جبہ 2، کالام، بالاکوٹ 01، گڑھی دوپٹہ 08، مظفرآباد 05، راولاکوٹ03، کوٹلی 02، استور 09، بونجی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش

مزید :

علاقائی -