کابل ، غیرملکی سفارت خانوں کے قریب دھماکہ ، 90افراد ہلاک ، 400زخمی

کابل ، غیرملکی سفارت خانوں کے قریب دھماکہ ، 90افراد ہلاک ، 400زخمی

  

کابل/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں غیرملکی سفارتخانوں اور صدارتی محل کے قریب ہونے والے دھماکہ میں 90افراد ہلاک اور 400سے زیادہ زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ،ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹرز کو فوری طلب کرلیا گیا،دھماکہ وزیر اکبر خان سٹریٹ میں ہوا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، دھماکہ سے سفارت خانوں سمیت قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اورقریب کھڑی متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں ، لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا،دھماکہ میں ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع پاکستان کے اتاشی کے گھر کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں جبکہ آصف زرداری ،عمران خان، سراج الحق سمیت دیگر سیاسی وسماجی رہنماؤں نے بھی کابل بم دھماکہ کی شدید مذمت ۔افغان وزارت داخلہ کے مطابق دارالحکومت کابل کے ڈپلومیٹک انکلیو میں غیر ملکی سفارتحانے کے قریب کار میں نصب بارودی مواد سے دھماکا کیا گیا جس میں90افراد جاں بحق ہو گئے ۔افغان وزارتِ صحت کے اہلکار اسماعیل کاسی نے بتایا ہے کہ دھماکہ میں اب تک90افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے اور اس میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ زخمیوں کی تعداد 400سے زیادہ ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ذمبیق سکوائر میں ہونے والے اس بم دھماکے کی شدت سے کئی سو میٹر کے فاصلے پر واقع گھروں کو بھی نقصان پہنچا ۔دھماکہ میں ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع پاکستان کے اتاشی کے گھر کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان میں دھماکے مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان چونکہ خود دہشت گردی کا شکار ہے اس لیے وہ اس درد کوسمجھ سکتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کابل دھماکے میں پاکستانی سفارتکاروں کی رہائش گاہوں کو بھی نقصان پہنچا اور دھماکے میں سفارتخانے کے کچھ ارکان معمولی زخمی بھی ہوئے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونیوالے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہم افغان بھائیوں اورافغان سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں۔آرمی چیف نے کابل دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سمیت دیگر سفارتخانوں کو نقصان پہنچنے پر دلی دکھ ہوا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ خطے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہیں اس کے لئے خطے کے تمام ممالک کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔علاوہ ازیں آصف زرداری ،عمران خان، سراج الحق سمیت دیگر سیاسی وسماجی رہنماؤں نے بھی کابل بم دھماکہ کی شدید مذمت کی۔

مزید :

علاقائی -