احتجاج اور حکومتی اعلانات کے باوجود الیکٹر ک باز نہ آیا ، شہریوں نے چوتھی سحری بھی اندھیرے میں کی

احتجاج اور حکومتی اعلانات کے باوجود الیکٹر ک باز نہ آیا ، شہریوں نے چوتھی ...

  

کراچی(آن لائن)حکومتی اعلانات اور دعوؤں کے باوجود کے الیکٹرک والے باز نہ آئے ، چوتھی سحری بھی لوگوں نے اندھیرے میں کی ، کئی علاقوں میں پانی کا بھی بحران پیدا کردیا، کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے فنی خرابیوں اورہائی ایکسٹینشن لائنیں ٹرپ کرنے کا بہانہ بنا کر طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ مزید بڑھا دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالتی اور حکومتی احکامات کے برعکس کے الیکٹرک کی جانب سے شہرمیں بجلی کی طویل اورغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے اور لوگ سراپا احتجاج ہیں۔ کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے کراچی میں کئی روزسے فنی خرابیوں اورہائی ایکسٹینشن لائنیں ٹرپ کرنے کا بہانہ بنا کر طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ مزید بڑھا دیا ہے، حکومتی اعلان کے باوجود کے الیکٹرک رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے موقع پر بھی لوڈ شیڈنگ سے گریزنہیں کررہی، شہر کے کئی علاقوں میں لاکھوں لوگوں نے آج چوتھی سحری بھی بجلی کے بغیرہی کی۔بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے کئی علاقوں میں پانی کا بھی بحران پیدا کردیا ہے، رمضان المبارک میں دوہری تکلیف پر لوگ سراپا احتجاج ہیں اور کئی علاقوں میں لوگ سڑکوں پر آگئے ہیں۔ گلبہار نمبرایک میں لوگوں نے بجلی اور پانی نہ ہونے پر لسبیلہ سے ناظم آباد جانے والی سڑک کو بلاک جبکہ شہرکی سب سے بڑی سینیٹری مارکیٹ کو بند کرادیا ۔دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے ادارے کا عملہ ہم لمحہ مصروف ہے۔ شہر میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، کسی بھی علاقے میں بجلی کی عدم فراہمی پر شہری 118 پر رابطہ کرکے اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔

کے الیکٹرک

مزید :

علاقائی -