تجزیہ میں ناقص ثابت ہونیوالے آئل و گھی سٹاک کی ضبطگی کا عمل جاری

تجزیہ میں ناقص ثابت ہونیوالے آئل و گھی سٹاک کی ضبطگی کا عمل جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے ناقص کوکنگ آئل اور گھی کیخلاف کریک ڈاؤن کرکے تمام کمپنیوں کا سٹاک مارکیٹ سے اٹھواناشروع کر دیااوراب تک کی کاروائیوں میں لاہور سے 2400کلو،گوجرانوالہ سے 920کلو،فیصل آباد سے1300، ملتان سے830اور راولپنڈی سے 1630کلو جبکہ مجموعی طور پر 7080کلو ناقص کوکنگ آئل اور گھی مارکیٹ سے اٹھوا دیا گیا ہے۔ کوکنگ آئل اور گھی کے سیمپل کے نتائج جاری کرنے کے بعد پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تمام کمپنیوں کو سٹاک مارکیٹ سے ہٹانے کی ہدایت کی تھی ۔ یہ کارر و ا ئی فیل ہونے کے بعد مارکیٹ سے سٹاک نہ اٹھانے والی کمپنیوں کیخلاف کاروائی کی جا رہی ہے۔ رمضان بازاروں میں بھی موجود ان تمام کمپنیوں کا سٹاک بھی ہٹوایا جا رہا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا لاہور، ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور قصور کی مارکیٹوں اور رمضان بازاروں سے سٹاک ہٹایا جا رہا ہے۔یاد رہے پنجاب فوڈ اتھارٹی کوکنگ آئل اور گھی سیمپل مہم میں 151کمپنیوں میں سے 45کے نمونے تجزیے میں فیل ہوئے تھے۔ فیل ہونیوالی کمپنیوں کو 10لاکھ فی کمپنی جرمانہ اور اصلاح کیلئے 1ماہ کا وقت کے علاوہ تمام سٹاک مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں تھی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا اگلے 48گھنٹوں میں سٹاک کو مارکیٹ سے مکمل طور پر نہ اٹھانے پر اضافی جرمانہ اور سزا دی جائے گی۔
آئل ،گھی ضبطگی

مزید :

علاقائی -