وینزویلا: 2ماہ کے دوران مظاہروں میں 60ہلاک، 3ہزار گرفتار، 197افراد کو سزا

وینزویلا: 2ماہ کے دوران مظاہروں میں 60ہلاک، 3ہزار گرفتار، 197افراد کو سزا

  

کراکس (اے پی پی) وینزویلا میں 2 ماہ کے دوران حکومت مخالف مظاہروں میں 60 افراد ہلاک اور تقریبا3 ہزار افراد گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ فوجی عدالتوں نے197 افراد کو قید کی سزا سنائی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یکم اپریل کے بعد سے کئی مقامات پر پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس، ربڑ کی گولیوں اور پانی کا استعمال کیا۔ منگل کے روز بھی دارالحکومت کے مشرق میں تقریبا2 ہزار افراد نے مظاہرہ کیا۔ یونیورسٹی کے ایک طالب علم آرٹورو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ احتجاج سے نہیں بلکہ اس حکومت سے تنگ ہیں۔حکومت کے مخالفین صدر نکولس مادورو پر مظاہرین پر ظلم وتشدد کے الزامات لگا رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ حکومت ملک میں معاشی بحران کی ذمہ دار ہے جس کے نتیجہ میں خوراک سمیت بنیادی ضروریات کی قلت پیدا ہوئی ہے۔ ایک مقامی وکیل نے صورتحال کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حالات آمرانہ ادوار میں پیدا ہوتے ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -