سکیورٹی خدشات،حضرت شاہ شمسؒ کے عرس کی تقریبات2روز تک محدود
ملتان (سٹی رپورٹر)سکیورٹی خدشات، رمضان المبارک اور پولیس نفری کی کمی کے باعث برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ شمس سبزواری کے سالانہ تین روزہ عرس کی تقریبات کو دو روز تک محدود کر دیا گیا۔ سی پی او ملتان کی تجویز پر محکمہ اوقاف اور درگاہ کے سجادگان نے بھی حامی بھر لی۔ واضح رہے کہ عرس تقریبات یکم جون آج بروز جمعرات سے درگاہ عالیہ ملتان میں شروع ہورہی ہیں۔ (بقیہ نمبر8صفحہ12پر )
آج عرس کے پہلے روز مزار کی تین بار چادر پوشی کی جائے گی۔ صبح ساڑھے دس بجے محکمہ اوقاف کے زونل ایڈمنسٹریٹر شاہد حمید ورک مزار کی چادر پوشی کر کے تقریبات کا آغاز کریں گے جبکہ بعد ازاں 11 بجے مخدوم طارق عباس شمسی اور ساڑھے 11 بجے مخدوم زاہد حسین شمسی کی جانب سے بھی مزار کی علیحدہ علیحدہ چادر پوشی کی جائے گی۔ عرس کے دوسرے روز کل بروز جمعہ کو اختتامی دعا کی جائے گی۔ علاوہ ازیں محکمہ اوقاف کے مطابق عرس کے سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، چراغاں کے علاوہ لائٹنگ اور ٹینٹنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، آج سے مزار پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہوں گے۔