نیشنل بینک اور پی پی ایف اے کے درمیان معاہدے پر دستخط

نیشنل بینک اور پی پی ایف اے کے درمیان معاہدے پر دستخط

  

کراچی(اکنامک رپورٹر) نیشنل بینک آف پاکستان اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPFA)کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت گریجویٹس کو پرائم منسٹر انٹریسٹ فری لون اسکیم پیش کی جائے گی۔ اس اسکیم کے ذریعے گریجویٹس اپنے کاروبار کے آپریشنز میں اضافے کے لیے پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم کے تحت 100,000روپے سے ۔2.0ملین روپے تک کا قرض حاصل کرسکیں گے ۔ دستخطوں کی اس تقریب میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام (PMYP)کی چیئرپرسن محترمہ لیلیٰ خان اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)کی چیئرپرسن محترمہ ماروی میمن بھی موجود تھیں۔نیشنل بینک آف پاکستان پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم کے ذریعے عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ عوام کی مالی حالت کو بہتر بنانے اور ملک میں نوجوانوں کے لیے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے نیشنل بینک پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے صحیح مستحقین تک پہنچنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہے۔اس جستجو میں، نیشنل بینک نے 30مئی ،2017کو ایک اور سنگ میل عبور کیا جب نیشنل بینک آف پاکستان نے ایک پروقار تقریب میں پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ۔ یہ تقریب اسلام آباد میں واقع پرائم منسٹر کے دفترمیں ہوئی۔اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے 21-45سال عمر کے کم مراعات یافتہ لوگوں کے لیے ذاتی روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز دیں گے ۔پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ پاکستان کے 44اضلاع میں پرائم منسٹر انٹریسٹ فری لون اسکیم کے تحت0فیصد مارک اپ کے ساتھ 50,000روپے تک کے قرضے فراہم کرتا ہے۔نیشنل بینک آف پاکستان ایسے کاروباری نوجوانوں کی مدد کرے گا جن کو PPFAکے ذریعے پہلے ہی قرض فراہم کیا جا چکا ہے اور اب نیشنل بینک انہیں پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم کے ذریعے 100,000روپے سے 2.0 ملین روپے قرض کی سہولت مہیا کرے گا تاکہ وہ اپنے کاروبار کو وسعت دے سکیں۔ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ ایسے کاروباری نوجوانوں کے بارے میں نیشنل بینک کو معلومات فرہم کرے گا اور ساتھ ہی ان کاروباری افراد کو پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرے گا۔پاکستان پاورٹی ایلیویشن کی موجودہ ٹیموں کو نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے اورینٹیشن ٹریننگ فراہم کی جائے گی تاکہ وہ کاروباری افراد کو معلومات کی فراہمی اور لون کے حصول کے لیے بنیادی دستاویز کاری مکمل کر سکیں۔اس موقع پرپرائم مسٹر یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن لیلیٰ خان نے کہا،’’قوم کی تعمیر کے لیے یہ بات بہت اہم ہے کہ ہم ووکیشنل ٹریننگ کے لیے نوجوانوں کو مناسب مواقع اور مالی آزادی فراہم کریں ۔تربیت یافتہ اور بااختیار نوجوان پاکستان کا حقیقی اثاثہ ہیں۔پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ذریعے ہم ایک بااختیار قوم کے لیے ہر مرحلہ پر ان کا ہاتھ تھامنے کے لیے پر عزم ہیں۔‘‘نیشنل بینک آف پاکستان کے گروپ چیف اور ایس ای وی پی، مدثر خان نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے چھوٹے کاروبار بہت اہم ہیں اور نیشنل بینک کے پورٹ فولیو اور ٹارگٹ مارکیٹ کا بھی بہت اہم حصہ ہیں۔ٹھیک اس وقت یہ سیکٹرایک ایسے ماحول میں جد و جہد کر رہا ہے جس کی خاص بات سست ترقی، بلند اخراجات اور محدود مالی اثاثے ہیں۔ حکومت، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور نیشنل بینک آف پاکستان اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون پروگرام کے ذریعے کام کر رہے ہیں۔ آنے والے طویل عرصہ میں ہم چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے بہت امکانات اور ملک کی ترقی میں ان کا بہت حصہ دیکھتے ہیں۔نیشنل بینک آف پاکستان پبلک سیکٹر میں سب سے بڑا بینک ہے جو چھوٹے کاروباری اداروں مالی آزادی کے مواقع فراہم کر کے ان کی ترقی میں حکومت کے عزم میں ہمیشہ شریک رہا ہے اور قائدانہ کردار ادا کرتا رہا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -