نہال ہاشمی کی ویڈیو چند دن پرانی ، منظر عام پر لانے میں نوازلیگی بھی ملوث ہیں : ذرائع
کراچی(ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) سندھ کے برطرف جنرل سیکریٹری سینیٹر نہال ہاشمی نے جہاں ملکی سیاست میں بھونچال پیدا کردیا ہے وہیں اپنی پارٹی کو بھی بحران سے دوچار کردیا ، سینیٹر نہال ہاشمی اس سے قبل بھی پارٹی کو سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے حوالے سے بیان پر بھی مشکل میں ڈال چکے ہیں ،نہال ہاشمی کی برطرفی کے بعد سندھ میں مسلم لیگ (ن) کی صوبائی پارٹی عملاً غیر فعال ہوچکی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نہال ہاشمی کو ماضی میں ان کے بعض بیانات کے حوالے سے تنبیہ کی جا چکی ہے جن بیانات کی وجہ سے پارٹی شدید مشکلات کا شکار ہوئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 28مئی2017ء کو مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب کی اس تقریر پر وہاں موجود بعض ن لیگی رہنماؤں نے کہا کہ آپ نے آج ایک بار پھر پارٹی کو مشکل میں ڈا ل دیا ہے۔ لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریب میں میڈیا بھی موجود تھا ، مگر دو دن بعد اس ویڈیو کا وائرل ہونا سوالیہ نشان ہے۔ ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو کو وائرل کرنے میں بعض لیگی شامل ہیں جن کا مقصد نہال ہاشمی کو نشانہ بنانا تھا ، مگر یہاں پارٹی ہی نشانہ بنی ہے۔
روزنامہ دنیا کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کی جانب سے نہال ہاشمی کی پارٹی کی بنیادی رکنیت معطل کرنے اور صوبائی جنرل سیکریٹری کے عہدے سے ہٹانے کے بعد صوبے میں پارٹی عملاً غیر فعال ہوچکی ہے ، کیونکہ ن لیگ کے دستور کے مطابق جنرل سیکریٹری کی عدم موجودگی میں ڈپٹی سیکریٹری جنرل عہدہ سنبھالتا ہے ، مگر یہاں تو اب تک کوئی ڈپٹی سیکریٹری جنرل کوئی نہیں ہے۔ اسی طرح صوبائی صدربابو سرفراز جتوئی بھی ملک میں موجود نہیں ہیں جبکہ سینئر نائب صدر کی عدم موجودگی کی وجہ سے یہ عہدہ بھی خالی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نہال ہاشمی کی برطرفی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے نصف درجن کے قریب رہنماءاس عہدے کے لئے سرگرم ہوگئے ہیں۔