لیڈز ٹیسٹ میں سرفراز الیون کو فیورٹ سمجھتا ہوں : یونس خان

لیڈز ٹیسٹ میں سرفراز الیون کو فیورٹ سمجھتا ہوں : یونس خان

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ جیتنے کے بعد ہیڈنگلے لیڈز میںآج شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لئے ٹیم پاکستان فیورٹ ہے۔ یونس خان کہتے ہیں کہ لارڈز میں 9وکٹوں سے ہارنے کے بعد انگلش ٹیم کو دباؤ میں دیکھ رہاہوں۔ان کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم کے کپتان جو روٹ خاصے دباؤ میں ہیں ،اگر کپتان بڑی اننگز نہیں کھیلے گا، تو ٹیم کیسے اٹھے گی۔انگلش ٹیم نے اسٹونمین کی جگہ کیٹون جنگس کو اسکواڈ میں جگہ ضرور دی ہے،البتہ اصل ذمہ داری سابق کپتان کے خیال میں تجربے کار الیسڑکک کے کاندھوں پر ہوگی،انھیں بڑی اننگز کھیلنا ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ انھیں اس بات کی خوشی ہے کہ عثمان صلاح الدین لیڈز میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔ عثمان تین سیریز سے ٹیم کے ساتھ ہیں،اچھی بات ہے کہ انھیں کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پہلے یہ سننے میں آرہا تھا کہ فخر کو زخمی بابر کی جگہ موقع دیا جا رہا ہے،تاہم عثمان کو ایک مڈل آرڈربلے باز کی حیثیت سے ان کے اصل نمبر پر کھلانے کا فیصلہ درست ہوگا۔یونس خان کے مطابق ہیڈنگلے کی پچ پر گھاس نہیں ہوتی،یہاں گیند سیم اور سوئنگ کرتا ہے،جیمز اینڈرسن ایک تجربے کار بولر ہیں،ان کنڈیشنز میں وہ پاکستانی بیٹسمینوں کے لئے چیلنج ہونگے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں ٹیم بیٹنگ ،بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے،اور انھیں امید ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی لڑکے میزبان ٹیم کے لئے مشکلات کا سبب بنیں گے۔ یو بی ایل کی ٹیم بند ہونے کے حوالے سے یونس خان کا جواب تھا،ابھی تک ایسی ہی سوچ ہے۔’’ یوبی ایل’’ کی ٹیم ماضی میں بھی بند ہو چکی ہے،دوبارہ کھولی گئی تو گریڈ ‘‘ ٹو’’ سے فرسٹ کلاس تک کا سفر اتنی آسانی سے طے نہیں کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -