مشکلات کے باوجود آج ترقی یافتہ پاکستان دے کر جا رہے ہیں : مریم اورنگزیب

مشکلات کے باوجود آج ترقی یافتہ پاکستان دے کر جا رہے ہیں : مریم اورنگزیب

  

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں جمہوریت پر شب خون کے سیاہ باب بھی موجود ہیں لیکن پاکستان کی بنیاد جمہوریت پر رکھی گئی تھی اورہر مسئلے کا حل آج بھی اسی میں ہے۔پاکستان کی ترقی آزاد جمہوریت کے ساتھ مشروط ہے جس کے آج تسلسل سے دس سال پورے ہو گئے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کے دوران مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ منتخب حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے،تمام مشکلات کے باوجود آج ترقی یافتہ پاکستان دے کر جارہے ہیں،مارشل لا اور جمہوری ادوار کا موازنہ کیا جائے سب کچھ سامنے ہے۔ان کامزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے دریائے سندھ سے گلگت بلتستان تک سڑکیں اور موٹرویز بنا دی ہیں اور ہیلتھ اورایجوکیشن کے اربوں روپے کے نئے منصوبوں کا آغاز کیاگیا ہے جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں 90فی صد کمی آئی ہے۔مریم اورنگزیب کا مزیدکہناتھا کہ ہر مسئلے کا حل جمہوریت میں ہے کیونکہ پاکستان کی بنیاداسی پر رکھی گئی تھی ،جمہوریت آج تسلسل سے دس سال پورے کرنے جارہی ہے اور ہماری ترقی آزاد جمہوریت کے ساتھ ہی مشروط ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ہماری حکومت نے وہ منصوبے بھی مکمل کئے جو ایک خواب بن چکے تھے لواری ٹنل منصوبہ اس کی بڑی مثال ہے ۔ آج ملک میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوچکی ہے ۔ ہم نے ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر کام کیا ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کیا ۔ کراچی اور بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنایا ترقی کا نوازشریف کا وژن سب کے سامنے ہے ۔ عوام جمہوری اور آمرانہ دور کا موازنہ کرلیں ۔ عوام خود فیصلہ کریں کہ ترقی کس دور میں ہوئی 2013میٖں جب مسلم لیگ ن نے حکومت سنبھالی تو ملک بدحالی کا شکار تھا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کی ترقی سب کے سامنے ہے ریلوے کیلئے خواجہ سعد نے دن رات محنت سے ریلوے کو بحال کیا ۔ وفاق اور پنجاب کے اقدامات کو دنیا سراہا رہی ہے ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے نے مثالی ترقی کی ۔

مریم اورنگزیب

مزید :

علاقائی -