بھارت نے ہمیشہ ایل او سی پر جارحیت کی ہے،پیرعلی رضا

بھارت نے ہمیشہ ایل او سی پر جارحیت کی ہے،پیرعلی رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مظفرآباد(بیورورپورٹ)ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی و سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف پیر علی رضا بخاری نے پاک بھارت ڈی جیز ایم او کے درمیان ہاٹ لائن رابطے کا خیر مقدم کرتے ہوئے فریقین کی طرف سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈی پر 2003کے فائربندی معاہدے پر اس کی اصل روح کے مطابق عملد رآمد پر اتفاق کو جنگ بندی لائن کے قریب بسنے والے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو آسان بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے اور پاک فوج کی عسکر ی قیادت کے قیام امن کے لئے مثبت اقدامات پر انہیں مبارکباد دی ہے۔ گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کو دئیے گئے اپنے انٹرویو میں ممبر اسمبلی نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ ایل او سی پر جارحیت کی ہے اور پاکستان کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کو خاطر میں نہیں لایا ۔ گزشتہ کئی ماہ سے ہندوستان کی افواج ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کے قریب بسنے والے نہتے شہریوں کو شیلنگ اور فائرنگ کا نشانہ بنا رہی ہیں جس سے یہاں کے مکینوں کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں درجنوں افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی افواج دراصل مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کی بھارت سے آزادی کے لئے آواز کو دبانے میں ناکامی کے بعد اس پر پردہ ڈالنے کے لئے ایل او سی کے قریب بسنے والوں کو نشانہ بنا رہی ہے جس پر پاک فوج کو کارروائی کر کے دشمن کی توپوں کو خاموش کرانا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ قیام امن کی طرف قدم بڑھایا ہے اور دفاع وطن کے لئے کر دار ادا کیا ہے اور اب جبکہ اس وقت ایل او سی اورورکنگ باؤنڈری پر صورتحال بہت کشیدہ ہے اور لو گ مشکلات کا شکار ہیں تو ایسے حالات میں پاک بھارت ڈی جیزایم او کے درمیان رابطہ اور فائربندی پر اتفاق بہت خوش آئند ہے ۔ پیر علی رضا بخاری نے اپنی بہادر افواج پاکستان کو یقین دلایا کہ آزاد کشمیر باالخصوص ایل او سی کے قریب بسنے والے غیور کشمیری بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے مرغوب نہیں ہوں گے اور نہ ہی علاقہ چھوڑ کر بھاگیں گے کشمیر ی رہنما پاک فوج کی پشت پر ہیں اور دفاع وطن میں کبھی پیٹھ نہیں دکھائیں گے ۔