فاروق بندیال کو تحریک انصاف سے نکالے جانے پر اداکارہ شبنم کا عمران خان کے نام پیغام ، حقیقت سامنے آگئی

فاروق بندیال کو تحریک انصاف سے نکالے جانے پر اداکارہ شبنم کا عمران خان کے نام ...
فاروق بندیال کو تحریک انصاف سے نکالے جانے پر اداکارہ شبنم کا عمران خان کے نام پیغام ، حقیقت سامنے آگئی

  

اسلام آباد (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے مجرمانہ ریکارڈ ثابت ہونے پر فاروق بندیال کو پارٹی سے نکال دیا جس پر بعض نجی ٹی وی چینلز اور اکثر نیوز ویب سائٹس نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ شبنم نے عمران خان اور پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا تاہم اب اس کی حقیقت سامنے آگئی اور جس ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بنیاد بنا کر یہ خبر بنائی گئی ، وہ دراصل جعلی ہے ۔

کچھ دنوں قبل فاروق بندیال نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوئی تھیں جس پر ٹوئٹر پر صارفین نے فاروق بندیال کے بارے میں بتایا کہ 1970ء کے عشرے میں وہ ماضی کی معروف اداکارہ شبنم کے گھر ڈکیتی اور ان سے زیادتی کے واقعے میں ملوث تھا۔سوشل میڈیا پرعوام کی جانب سے شدید تنقید کے بعد عمران خان نے نعیم الحق کو معاملے کی چھان بین کے احکامات دیئے اور فاروق بندیال کے جرم کی تصدیق کے بعد عمران خان نے انہیں فوری طور پر پارٹی سے نکال دیا ۔ واضح رہے کہ یہ معاملہ ’شبنم ڈکیتی‘ کیس کے نام سے بہت مقبول ہوا تھا۔

اس ضمن میں سوشل میڈیا پر اکتوبر 1979ء کے ایک اخبار کا تراشا بھی زیر گردش ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فوجی عدالت نے شبنم سے ڈکیتی اور زیادتی کے کیس کے پانچ مجرموں کو سزائے موت سنائی تھی۔ ان مجرموں میں فاروق بندیال، یعقوب بٹ، عابد، تنویر اور جمشید اکبر شامل تھے، اس کے علاوہ ایک مجرم کو 10 سال قید اور ساتواں مجرم مفرور قرار دیا گیا تھا، ان مجرموں کو کوٹ لکھپت جیل میں رکھا گیا تھاتاہم فاروق بندیال نے صرف ڈکیتی کی تصدیق کی۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان کے اس فوری فیصلے کو اداکارہ شبنم نے سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ٹویٹ میں لکھا ، ’ میں جنسی زیادتی کے ایک مجرم کو پارٹی سے نکالنے پر عمران خان کے عمل کو سراہتی ہوں ساتھ ہی میں پاکستانی عوام کی بھی مشکور ہوں جو ایک ریپسٹ کے خلاف کھڑے ہوئے، جیتے رہیں۔‘لیکن دراصل یہ ٹوئٹر اکاؤنٹ جعلی ہے جو چند گھنٹے قبل ہی اس سارے معاملے کو دیکھ کر بنایا گیا۔ 

مزید :

تفریح -جرم و انصاف -علاقائی -اسلام آباد -