ذو الفقار کھوسہ کو خوش آمدید، خواجہ آصف بارے سپریم کورٹ کا فیصلہ قبو ل کرتا ہوں:عمران خان

ذو الفقار کھوسہ کو خوش آمدید، خواجہ آصف بارے سپریم کورٹ کا فیصلہ قبو ل کرتا ...
ذو الفقار کھوسہ کو خوش آمدید، خواجہ آصف بارے سپریم کورٹ کا فیصلہ قبو ل کرتا ہوں:عمران خان

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد شفاف الیکشن کا انعقاد ہے ، خواجہ آصف کی نا اہلی ختم کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں،تحریک انصاف کا ایک معیار ہے جس پر بروقت ایکشن لیکر فاروق بندیا ل کو نکالا گیا ، ذو الفقار کھوسہ کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں۔

بزرگ سیاسی رہنما ذوالفقار کھوسہ کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر ان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد صاف شفاف الیکشن کرانا ہے ، بجائے اس کے کہ ہم یہ کہیں کہ ہم نے ناصر محمود کھوسہ کا نام دے کر واپس لیا الیکشن ایسا ہونا چاہئے کہ ساری قوم کہے کہ موجودہ الیکشن 1970کے بعد تاریخ کا شفاف ترین الیکشن ہوا ہے ،پوری دنیا میں کہیں نگران سیٹ اپ نہیں آتا اس کی وجہ وہاں پر الیکشن کمیشن کے مضبوط اور خود مختار ادارے موجود ہیں، تحریک انصاف کی خواہش ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں ، انہوں نے کہا کہ فاروق بندیا ل مسلم لیگ ن میں برسوں سے تھے لیکن جب وہ ہماری پارٹی میں آئے توسوشل میڈیا نے اس ایشو کو اٹھایا تو ہم نے بروقت ایکشن لیکر ان کو نکال دیا ، مجھے خوشی ہے کہ تحریک انصاف کاایک معیارہے کیونکہ اس وقت فاروق بندیال پر سوال نہیں اٹھایا گیا جب وہ ن لیگ میں تھے لیکن جب وہ تحریک انصاف میں آئے تو اس ایشو کو اٹھا دیا گیا ، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پرویز خٹک نے الیکشن کمیشن کو خط اس لئے لکھا ہے کہ ان کو فاٹا میں الیکشن دیر سے ہونے سے صوبائی حکومت کے عدم استحکام کا شکار ہونے کا خدشہ ہے اس لئے وہ چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں ایک ہی دفعہ الیکشن ہو۔ خواجہ آصف کے حوالے سے سوال پر عمران خان نے کہا کہ ہم خواجہ آصف کی نااہلی کو سپریم کورٹ کی جانب سے ختم کرنے کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں لیکن میرا سوال یہ ہے کہ جب ایک ملک کا وزیر خارجہ کسی دوسرے ملک کی کسی کمپنی کے اقامے پر اپنے آپ کو اس کا ملازم ظاہر کر تا ہے تو وہ کسی بھی وقت اس کمپنی کو فائدہ پہنچا سکتا ہے اور ایسا تو بھارت میں بھی نہیں  ہوتا یہ میرا سوال ہے جو میں چھوڑے جا رہا ہوں ، انہوں نے کہا کہ میں ذوالفقار کھوسہ کی تحریک انصاف میں شمولیت پر ان کو خوش آمدید کہتا ہوں، اور مجھ اس پر خوشی ہوئی ہے ،اس موقع پر سردار ذوالفقار کھوسہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مجھ پر خصوصی مہربانی کی ہے اس لئے میں ان کا شکریہ ادا کر تا ہوں۔

مزید :

قومی -