سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی ،حرمین شریفین کے لئے ہماری جان بھی حاضر ہے:گورنر پنجاب

سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی ،حرمین شریفین کے لئے ہماری ...
سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی ،حرمین شریفین کے لئے ہماری جان بھی حاضر ہے:گورنر پنجاب

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)گو رنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوا نہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمارا بڑا بھائی ہے اور ان سے ہمارا خون کا رشتہ ہے ،سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی ہے، حرمین شریفین کے لیئے ہماری جان بھی حاضر ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر ڈاکٹراحمد یوسف الدرویش سے ملاقات کی  اور باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ ملک میں تعلیم کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ کا کہنا تھا کہ اسلامک یونیورسٹی کا قیام پاکستان کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں،جلد ملتان میں بھی اسلامک یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دین سے دوری کی وجہ سے معاشرہ انتشار کا شکار ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا وی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش نے کہا کہ سعودی عرب کے عوام پاکستان کے ساتھ بہت محبت کرتے اور پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک یونیورسٹی ہمارے لیئے باعث فخر ہے اور یہاں پوری دنیا سے لوگ حصول علم کے لیئے آتے ہیں اور پاکستان کے سفیر بن کر جاتے ہیں ۔انہوں نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے مستحق افراد کی مدد کے لئے اپنے افسران کو پاکستان بھجوایا ہے اور خصوصی طور پر کھجوروں کا تحفہ بھی بھجوایاہے۔ ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش نے کہا کہ  اسلامک یونیورسٹی  میں طب کے علاوہ باقی تمام شعبوں جن میں شریعہ ، اصول الدین اور سوشل سائنسزکی تعلیم  بھی دی جاتی ہے۔گورنرپنجاب نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی پاکستان میں علم کے فروغ اور اسلامی تعلیمات کو روشناس کرانے میں اہم کر دار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون ، فقہ ، سوشل سائنسز و انجینئرنگ اور دیگر اہم شعبوں میں یونیورسٹی کے طلباء نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور فیکلٹی ممبران نے بھی درس و تدریس کا اعلیٰ معیار قائم کیاہے۔

مزید :

قومی -