کیا واقعی رومانیہ میں پتھروں کی بارش ہوئی ہے؟ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی

کیا واقعی رومانیہ میں پتھروں کی بارش ہوئی ہے؟ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی ...
کیا واقعی رومانیہ میں پتھروں کی بارش ہوئی ہے؟ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بخارسٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن)جنوب مشرقی یورپ میں واقع ملک رومانیہ کے بارے میں سوشل میڈیا پر یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ وہاں پتھروں کی بارش ہوئی ہے ۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں بظاہر یہی لگ رہا ہے کہ ژالہ باری کے ساتھ پتھروں کی بارش بھی ہوئی ہے لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔
رومانیہ میں 28 مئی کو مختلف شہروں میں شدید ژالہ باری ہوئی جس کے باعث بہت سے گھروں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق رومانیہ کے شہروں بایا میر، زالو اور فگارس میں انڈے کے سائز کے اولے پڑے ۔ ژالہ باری کا یہ سلسلہ 10 سے 15 منٹ تک جاری رہا جس کے باعث بہت سی گاڑیوں اور گھروں کو نقصان پہنچا۔


سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ رومانیہ میں پتھروں کی بارش ہوئی ہے۔ یہ ویڈیو 28 مئی کو بایا میر شہر میں ایک گھر کے اندر سے بنائی گئی تھی ۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح گاڑیوں کے اوپر مٹی کے رنگ کی موٹی موٹی چیزیں گر رہی ہیں، انہیں ہی سوشل میڈیا پر ’پتھروں کی بارش‘ قرار دیا جارہا ہے۔


جب ہم اس ویڈیو کا بغور جائزہ لیں تو یہ بات سامنے آئے گی کہ دراصل ژالہ باری کے باعث قریب کھڑے درختوں کے پتے اور شاخیں ٹوٹ کر گاڑیوں پر گر رہی ہیں جس کے باعث بہت سے لوگوں کو یہ مغالطہ ہوگیا کہ شاید وہاں پتھروں کی بارش ہوئی ہے۔ اگر یہ موقف تسلیم کربھی لیا جائے کہ رومانیہ میں پتھروں کی بارش ہوئی ہے تو پھر ویڈیو میں پتھر گرتے ہوئے تو نظر آرہے ہیں لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پتھروں سے گاڑیوں کو نقصان کیوں نہیں پہنچ رہا؟ ۔


ایک غیر ملکی ویب سائٹ نے عینی شاہدین سے اس بارے میں بات کی تو انہوں نے بھی پتھروں کی بارش کے بارے میں کوئی بات نہیں کی ۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 15 منٹ تک شدید ژالہ باری ہوئی اور زمین نے سفیدی کی چادر اوڑھ لی تھی ، اس ژالہ باری میں گاڑیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں جبکہ گھروں کی دیواروں اور چھتوں کو بھی سخت نقصان پہنچا ہے۔