اپوزیشن جماعتیں انسدا د کورونا نہیں، کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں: عثمان بزدار

      اپوزیشن جماعتیں انسدا د کورونا نہیں، کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ...

  

لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں انسداد کورونا کا نہیں بلکہ کرپشن بچانے کاایجنڈا لے کر چل رہی ہیں۔ کورونا جیسے اہم ترین قومی مسئلے پر سیاست کر کے اپوزیشن رہنماؤں نے ثابت کیا ہے کہ ان کے سینے میں دل نہیں۔ اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس جیسے قومی مسئلے پر بھی پوائنٹ سکورنگ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست چھوڑ کر دکھی انسانیت کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت متاثرہ بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ہم پہلے بھی متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے تھے،کھڑے ہیں اورکھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی حسرتیں نہ پہلے پوری ہوئیں، نہ آئندہ ہوں گی۔ وزیر اعظم عمران خان 22 کروڑ عوام کیلئے امید کی کرن ہیں اور یہ عوام کی زندگیوں کا مسئلہ ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت خالی نعروں یا دعوؤں سے نہیں ہوتی۔ مشکل وقت میں لندن کی فضاؤں کی سیر کرنے والوں کو قوم جان چکی ہے۔یہ عناصر ہمیشہ عوام کو تنہاچھوڑ کر باہر گئے اور آج عوام نے ان عناصرکے دوغلے چہروں کو پہچان لیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وسط جون اورجولائی میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے کے حوالے سے پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ زراعت اور پی ڈی ایم اے صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھیں۔ ٹڈی دل سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل پر کنٹرول کیلئے ہرممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔ ٹڈی دل کے خاتمے اورفصلوں کو بچانے کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں۔ فضائی سپرے کے ساتھ گاڑیوں کے ذریعے بھی فصلوں کو بچانے کیلئے سپرے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری ہیں اور 7 لاکھ56ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر سپرے کیاجاچکا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں ٹڈی دل کی موثر نگرانی کا عمل جاری ہے اور ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ موجودہ حالات میں متعلقہ محکموں اوراداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا۔ڈویژن اورضلع کی سطح پر کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں اور کنٹرول رومز 24/7صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو نقصان سے بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خانیوال کے نواحی پل رانگو پر بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر ملتان ڈویژن سے پل رانگو حادثے پر رپورٹ طلب کر لی ہے اور حادثے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پل رانگو حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا سے بچنا ہے تو طرز زندگی کو بدلناہوگا۔ سماجی طور طریقوں میں تبدیلی لاکر کورونا سے محفوظ رہا جا سکتاہے۔ لوگوں کو گھروں سے باہر نکلتے ہوئے منہ اور ناک کو ڈھانپنا ہوگا۔ منہ او رناک کو ڈھانپ کر ہم نہ صرف خود محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ اپنے خاندان کو بھی بیماری سے بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے مستقل بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ صحت مند زندگی کیلئے احتیاط بے حد ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا کر کورونا سے محفوظ رہیں۔ ماسک پہن کر ہم اپنے بچوں اور والدین کو کورونا سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔سردار عثمان بزدارنے سیالکوٹ موٹروے پر مسافر وین الٹنے سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اینکرپرسن ڈاکٹر نبیہہ علی خان کے شوہر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں ڈاکٹر نبیہہ علی خان اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -