ملتان، خانیوال کا لاشا ہ کاکو، نوشکی اور لورالائی میں ٹریفک حادثات، 26جاں بحق، 70زخمی

ملتان، خانیوال کا لاشا ہ کاکو، نوشکی اور لورالائی میں ٹریفک حادثات، 26جاں ...

  

ملتان، خانیوال،فیروزوالا،شیخوپورہ،نوشکی (بیورورپورٹ، نمائندہ پاکستان، نیوز ایجنسیاں) خانیوال میں بس بے قابو ہو کر الٹ گئی، نوشکی میں پک اپ اور کار میں تصادم جبکہ کالا شاہ کاکو میں باراتیوں سے بھری وین الٹنے سے 21افراد جاں بحق اور70زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیل کے مطابق خانیوال میں بے قابو بس الٹنے سے 9 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے میں چھ ماہ کا بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔تیز رفتار مسافر بس لاہور سے ملتان جا رہی تھی کہ خانیوال رانگو پل کے قریب موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے بس کو کاٹ کر مسافروں کو نکالا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خانیوال بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ادھر کالا شاہ کاکو میں لاہور سیالکوٹ موٹروے پر باراتیوں سے بھری وین الٹنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق جبکہ دس زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں دو بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔متاثرہ فیملی کالا خطائی سے بارات لے کر فاروق آباد جا رہی تھی۔ادھر نوشکی میں بھی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ کار اور پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ چودہ زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق یہ حادثہ قومی شاہراہ پر جنگلات کے قریب پیش آیا۔کوئٹہ سے خاران جانے والی کار اور پک اپ میں ٹکر ہوئی جس کی وجہ سے دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں سمیت پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا۔ جاں بحق تین افراد کا تعلق خاران جبکہ دو کا کوئٹہ سے ہے۔ادھر ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں مسافر وین گہری کھائی میں گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ اٹھارہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ شجاع آباد سے تعلق رکھنے والے افراد سیر و تفریح کی غرض سے فورٹ منرو جارہے تھے کہ وین حادثے کا شکار ہوئی۔حادثے میں جاں بحق شوکت اور ذوالفقار کو سپرد خاک کردیا گیا جبکہ زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ادھر لورالائی میں سینیٹر سرفراز بگٹی کے قافلے میں شامل گاڑی کو حادثہ کے باعث 5 گن مین جاں بحق ہوگئے تاہم سینیٹر میر سرفراز بگٹی حادثے میں محفوظ رہے۔اے سی لورالائی کے مطابق سابق وزیر داخلہ بلوچستان سینیٹر سرفراز بگٹی کے قافلے میں شامل گن مینوں کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے کے ساتھ جا ٹکرائی۔اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں سینیٹر سرفراز بگٹی کے 5 گن مین جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ میختر کے قریب وہار کے علاقے میں پیش آیا۔ سینیٹر سرفراز بگٹی دوسری گاڑی میں سوار تھے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے دو گن مینوں کی لاشیں گاڑی سے نکال لی گئی ہیں۔ دیگر تین گن مینوں کی لاشیں نکالنے کے لئے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ قریبی ذرائع کے مطابق سرفراز بگٹی کوئٹہ کی جانب ڈیرہ غازی خان سے آ رہے تھے۔

حادثات

حادثات

مزید :

صفحہ اول -